کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) فرحان زمان نے مصر پاکستان دوستی اسکواش سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں ابوالغائر کو شکست دیدی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں مصر نے 3-2سے فتح حاصل کی۔ سیریز کے آخری روز تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ایئر اسٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان تھے ۔ فاتح مصری کھلاڑیوں کو آٹھ آٹھ ہزار ڈالرز جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دو دو لاکھ روپے کی رقم ملی۔ کراچی کے پی اے ایف میوزیم میں عالمی نمبر63فرحان زمان نے عالمی نمبر 22 ابوالغائر کو صرف 19منٹ کے کھیل کے بعد 5-11، 11-7، 11-4 سے شکست دی۔ قبل ازیں طارق مومن نے فرحان محبوب کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا فرحان محبوب نے پہلا سیٹ 11-13 سے جیتا لیکن طارق نے اگلے سیٹ میں 11-8 سے کامیابی حاصل کی اور مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں فرحان نے فائٹ بیک کیا اور 8-11 سے اپنی کامیابی کا اسکور2-1 کردیا لیکن طارق نے اگلے دونوں سیٹ 11-4 اور 11-6 سے جیت کر 3-2 سے فتح اپنے نام کی۔ دریں اثنا پی اے ایف میوزیم میں چلنے والی شدید ہوائوں کے باعث جمعرات کو فور گلاس وال کورٹ کی تنصیب کے نقاص سامنے آئے جنہیں فوری طور پر دور کردیا گیا۔ اس کورٹ پر جمعے سے پندرہ ہزار ڈالر والی پی ایس اے چیمپئن شپ شروع ہوگی۔