• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی دستاویزی فلم سازنے امریکا میں ٹرک آرٹ ڈیزائن کیلئے ایوارڈ جیت لیا

پاکستانی دستاویزی فلم ساز ثمر من اللّہ نے ٹرک آرٹ ڈیزائن کے لیے نیویارک میں اے ڈی سی کے سالانہ ایوارڈ میں گولڈن کیوب اپنے نام کرلیا۔

پاکستانی دستاویزی فلم ساز ثمر من اللّہ نے گزشتہ سال ایک نجی پینٹ کمپنی کے تعاون سے’ٹرک آرٹ چائلڈ فائنڈر‘ کی مہم شروع کی تھی جس میں اُنہوں نے ٹرک آرٹ کے ذریعے ملک بھر کے گمشدہ بچوں کی تصاویر ٹرک پر پینٹ کرکے اُن کی تشہیر کی تھی۔

فلم ساز ثمر من اللّہ کی اِس مہم کو ناصرف پاکستان میں پذیرائی حاصل ہوئی بلکہ اُن کو پورے ایشیاء سے بھی خوب مقبولیت ملی اور اب ثمر من اللّہ نے امریکا کے شہر نیو یارک میں ہونے والے اے ڈی سی کے سالانہ ایوارڈ میں گولڈن کیوب اپنے نام کرلی ہے۔

اے ڈی سی ایوارڈ کیا ہے؟

اے ڈی سی ایوارڈ کا مقصد اشتہاری، ڈیجیٹل میڈیا، گرافک اور اشاعت ڈیزائن، پیکیجنگ، فوٹو گرافی وغیرہ جیسے آرٹ کی بہترین نمائش کی جانب توجہ مرکوز کرنا ہے، اِس میں دُنیا بھر کے بہترین فنکاروں کو اُن کی قابلیت کی بنا پر سراہاجاتا ہے۔

اے ڈی سی ایوارڈ جیتنے پر ثمر من اللّہ کا کہنا تھا کہ ’ٹرک آرٹ پاکستان کی پہچان ہے اور ہم ٹرک آرٹ کے ذریعے عوام کی ذہنیت بھی تبدیل کرسکتے ہیں۔‘

ثمر من اللّہ نے کہا کہ ’میں اِس کامیابی پر اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے حیرت انگیز کام سر انجام دیا۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے لیے اور میری پوری ٹیم کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ ہماری مہم کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا۔‘

اِس سے قبل ثمر من اللّہ نے پاکستان میں بچیوں کے حقوق کی آگاہی اور وکالت کے لیے ٹرک آرٹ کی ایک مہم چلائی تھی۔

تازہ ترین