• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر پگارا نے پیر جو گوٹھ میں عیدالفطر کا اجتماع منسوخ کردیا

پیر پگارا نے درگاہ شریف پیر جو گوٹھ میں عیدالفطر کا اجتماع منسوخ کردیا اور حر جماعت کو اپنے علاقوں میں رہنے کی ہدایت کر دی۔

حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے اپنی حر جماعت کو عید سادگی کے ساتھ منانے کی ہدایت کی ہے اور درگاہ شریف پیر جوگوٹھ میں عید الفطر کے موقع پر منعقد ہونے والا روحانی اجتماع منسوخ کردیا ہے۔

اس اجتماع میں ہر سال ملک بھر سے ان کے لاکھوں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں اور اپنے روحانی پیشوا کے دیدار کے علاوہ ان کا خطاب بھی سنتے ہیں تاہم اس سال کورونا وائرس کی خوفناک وباء کے پیش نظر پیر جوگوٹھ کے اجتماع کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

کنگری ہاوس کراچی سے حر جماعت کے نام جاری ہونے والے ایک ہدایت نامہ میں پیر صاحب پگارا نےحرجماعت کو عید کے موقع پر پیر جو گوٹھ میں جمع نہ ہونے کاحکم دیا ہے۔

پیر صاحب پگارا کا کہنا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کےسبب مشکل اورغیر معمولی حالات ہیں، تمام مریدین اپنے اپنے علاقوں میں نمازعید کےاجتماعات میں شریک ہوں اور جس حد تک ممکن ہوسکےکورونا وائرس سےبچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

پیر صاحب پگارا نے حرجماعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پوری قوم کے ساتھ مل کر عید کےموقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی کوبھی مشکل میں نہیں ڈالناچاہتے ،سب لوگ اپنے گھروں پر رہیں ،والدین،بزرگوں کی خدمت کریں اور اُن کا خیال رکھیں ۔

پیر صاحب پگارا نے خود بھی عید الفطر کراچی میں اپنی ضعیف اور بیمار والدہ کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین