• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز نصف کروڑ تک پہنچ گئے، چین عالمی سطح پر اجتماعی قتل عام کا ذمہ دار ہے، ٹرمپ

واشنگٹن/بیجنگ (اے ایف پی/ نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں کوروونا وائرس کے کیسز کی تعداد نصف کروڑ سے تجاوز کرگئی جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کورونا وائرس کے معاملے پر چین پرشدید برہمی کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ دنیا بھر میں اجتماعی قتل عام کا ذمہ دار ہے۔ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ چین کی نااہلی دنیا بھر میں اجتماعی قتل عام کا ذریعہ بنی ہے، چین نے ٹرمپ کوجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے کہا کہ امریکا بھول رہا ہے کہ ماضی میں امریکی رہنما بارہا انسداد وباء کیلئے چینی خدمات کا اعتراف کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سیاستدان صرف الزامات کی سیاست کررہے ہیں، چینی صدر شی چن پنگ نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی سطح پروباء سے لڑنے، اس سے بچائو، کنٹرول اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے ڈبلیو ایچ او کی حمایت اور بنگلہ دیش سمیت عالمی برادری کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ تاہم بدھ کے روز امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ کورونا بحران نے چین سے تعلقات میں بہتری کی ہماری خام خیالی دور کردی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چین کی قیادت آمریت پسندانہ ہے، چین تفتیش کاروں کو متعلقہ تنصیبات تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے، وائرس کا لائیو سیپمل لینے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ چین کے اندر کورونا کی عالمی وباء پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں کوروونا وائرس کے کیسز کی تعداد نصف کروڑ سے تجاوز کرگئی ،ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 26ہزار سے بڑھ گئی ہے ، اب تک دنیا بھر میں کورونا سے 19لاکھ 85ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں ،کورونا وائرس سے یورپ اور لاطینی امریکا میں ہلاکتوں اور کیسز میں اضافے کے باوجود چند ممالک نے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کردیا ہے جبکہ کئی ممالک نے لاک ڈاون میں اضافہ کردیا ہے ، یونان نے کہا ہے کہ وہ 15جون سے ٹورازم سیزن کا آغاز کریں گے ، یونانی وزیراعظم کیریاکوس نے کہا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی پروازیں یکم جولائی سےکھول دی جائیں گی ، اٹلی نے اپنے تمام ائیر پورٹس 3جون سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے ، جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے بعد سخت ایس او پیز کے تحت اسکول کھول دیئے گئےہیں،تھرمامیٹر اور ہینڈ سینی ٹائزر ہاتھوں میں لئے اساتذہ و عملے نے طلبہ کا استقبال کیا، وینزویلا نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کولمبو اور برازیل سے ملنے والی اپنی سرحد سے متصل کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا،وزیر اطلاعات جورج روڈرگز کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 131 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے جن میں سے 110 وہ ہیں جو بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔اسپین کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مزید 15 روز کے لیے 7 جون تک ایمرجنسی میں توسیع کے لیے پارلیمان سے کی درخواست کرے گی۔واضح رہے کہ اسپین میں ایمرجنسی کی مدت 23 مئی کو اختتام پذیر ہورہی ہے اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ اس میں ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کریں گے۔فرانس کے وزیر صحت اولیور ویرن کا کہنا ہے کہ ملک میں لاک ڈاون میں نرمی کے بعد کورونا کے کیسز میں اضافے کے کوئی آثار نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم کورونا کیخلاف اپنے اقدامات میں سستی نہیں لائیں گے۔ دوسری جانب برازیل میں کورونا کے کیسز کی تعداد 2لاکھ 75ہزار سے تجاوز کرگئی ہےجس کے بعد کیسز کے حوالے سے برازیل دنیا میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے، برازیل جنوبی امریکا کا سب سے متاثرہ ملک بن گیا ، یہ پہلا موقع ہے کہ برازیل میں ایک روز میں ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں،برازیل میں ریکارڈ ہلاکتوں اور کیسز میں اضافے کے باوجود لاطینی امریکی ملک کے صدر جیئر بولسورونو ملک میں لاک ڈاون کے سب سے بڑے ناقد ہیں اور کورونا وائرس کو ایک عام فلو قرار دیتے ہیں ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا میں اضافہ کے پیش نظر وہ برازیل پر سفری پابندیاں نافذ کرنے پر غور کر رہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آنا ایک اچھی بات ہے اور وہ اسے امریکا کے لیے اعزاز کی بات سمجھتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا، جب آپ یہ کہتے ہیں کہ ہمارے یہاں دوسروں سے بہت زیادہ کیسز ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ تو ہمارے پاس زیادہ کیسز کو میں بری چیز کی طرح نہیں دیکھتا، میں بعض خاص لحاظ سے اسے اچھی چیز سمجھتا ہوں کیونکہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمارا جانچ کا عمل کہیں زیادہ بہتر ہے۔ تو میں اسے اعزاز کی بات سمجھتا ہوں۔ بالحقیقت یہ اعزاز کی علامت ہے۔ امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 93ہزار 847ہوگئی ہے جبکہ کیسز15لاکھ 76ہزار سے بڑ ھ گئے ، روس میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑی تعداد سامنے آرہی ہے تاہم گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری شرح میں کسی حد تک کمی آگئی ہے۔روس میں مزید 8 ہزار 764 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 705 ہوگئی ہے،کورونا وائرس نے روس میں مزید 135 افراد کی جان لی اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو کر مجموعی تعداد 2 ہزار 972 ہے جو دیگر متاثرہ ممالک کے مقابلے میں کم شرح ہے،جرمنی میں کورونا کے مزید 797 کیسز سامنے آنے کے بعد کل تعداد ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ہوگئی۔

تازہ ترین