• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دواساز ادارہ اسٹرا زینیکا ستمبر میں کورونا کی ویکیسن فراہم کرنے کو تیار

لندن (پی اے) معروف دواساز کمپنی اسٹرا زینیکا نے ستمبر میں کورونا کے علاج کی ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے دوا کی 400 ملین خوراک کی فراہمی کی ڈیل کرلی ہے۔ دواساز ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ رواں سال اور اگلے سال AZD1222 نام کی اس دوا کی ایک بلین خوراک تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اسٹرازینیکا کا کہنا ہے کہ اس دوا کے تجربات جاری ہیں تاہم اسے اندازہ ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ویکسین کارآمد ثابت نہ ہو لیکن کمپنی نے یہ تجربات جاری رکھنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ سائنسدانوں نے بھی متبنہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی اگر کوئی ویکسین تیار کرلی بھی گئی تو وہ اس مرض سے مکمل بچائو فراہم نہیں کرسکے گی جبکہ وزیراعظم بورس جانسن نے متنبہ کیا ہے کہ اس کی ویکسین شاید کبھی دریافت نہ کی جاسکے۔ ان تمام تحفظات کے باوجود ریسرچ کا عمل پوری شدت کے ساتھ جاری اور پوری دنیا کے کم وبیش 80 گروپ اس کی ویکسین کی تیاری میں مگن ہیں۔ اسٹرا زینیکا کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین ایک سے ممالک میں تیار کی جاسکتی ہے، کمپنی نے اس ویکسین کی تیاری اور اس کی پیداوار شروع کرنے کے حوالے سے بھاری مدد دینے پر برطانیہ اور امریکہ کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس دوا کی تیاری کیلئے بھارت کے سینم انسٹی ٹیوٹ اور دوسرے اداروں سے بھی مذاکرات کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکہ کی بایو میڈیکل ایڈوانسڈ ریسرچ اور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بارڈا) نے اس ویکسین کی تیاری اور فراہمی کیلئے ایک بلین ڈالر سے زیادہ رقم فراہم کی ہے۔ اسٹرا زینیکا کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریوٹ نے کورونا کی وبا کو ایک عالمی المیہ اورپوری انسانیت کیلئے ایک چیلنج قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس کو شکست دینا ہوگی، ورنہ اس سے پوری دنیا کو بھاری جانی نقصان کے علاوہ معاشی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں آکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ ایک ایسی دوا کی تیاری کے حوالے سے تعاون اور اشتراک پر فخر ہے، جو عالمی سطح پر تیار اور تقسیم کی جائے گی۔
تازہ ترین