• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب فرانزک ایجنسی ٹیم طیارہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کریگی


پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سائنس دانوں کی ٹیم کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی جگہ کا معائنہ کرے گی۔

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر اشرف کا ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ فرانزک سائنس ایجنسی طیارہ حادثے میں جاں بحق افرادکی شناخت کے لیے ڈی این اےٹیسٹ کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی جائے حادثہ پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرے گی، 8 فرانزک سائنسدانوں پر مشتمل 3 ٹیمیں کراچی گئی ہیں۔

ڈاکٹر طاہر اشرف نے بتایا کہ فرانزک ٹیمیں آج سیمپل اکھٹے کرنا شروع کریں گی، ٹیمیں میتوں، ان کے والدین، بہن، بھائی یا اولاد میں سے کسی ایک کے نمونے لیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سیمپل لاہور پہنچتے ہی فرانزک ایجنسی دن رات کام کرے گی اور 24 گھنٹوں بعد ڈی این اے کے نتائج دینا شروع کر دیں گے۔

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ زیادہ جھلسی ہوئی لاشوں کے دانت یا ہڈیوں سے ڈی این اے لیا جائے گا، حکومتِ پنجاب نے سندھ حکومت کی مشاورت سے فرانزک ٹیمیں کراچی بھیجی ہیں۔

ڈاکٹر طاہر اشرف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ایشیاء کی سب سے بڑی لیبارٹری ہے، طیارہ حادثے کی وجہ سے ایجنسی کے سائنسدانوں کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، جاں بحق عملے کے اہلِ خانہ آج پہنچیں گے

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریب کی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین