راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)راولپنڈی رنگ روڈ کے میگا پراجیکٹ کے سلسلے میں صوبائی سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز کو خصوصی بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود بھی موجود تھے۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے منصوبہ کے حوالے سےآئندہ میٹنگ جلد بلانے کاکہا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو 70کلومیٹر طویل چھنی پل روات تا موٹر وے/حج کمپلیکس رنگ روڈ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔جس کے تحت رنگ روڈ کی لاگت کم کرنے کیلئے اس کےاکنامک زونز ختم کرکے اس کا رائیٹ آف وے(چوڑائی)800فٹ سے کم کرکے300فٹ کرنے کی تجویز ہے۔جس سے اس کی لاگت 73اعشاریہ2ارب سے کم ہوکر35سے40ارب تک آجائے گی۔73.2ارب روپے والی فزیبیلٹی میں12ارب39کروڑ روپے کے لگ بھگ صرف مطلوبہ زمین ایکوائر کرنے اور راستے میں آنے والی عمارتوں کے معاوضے کی ادائیگی پر خرچ ہونے تھے۔جبکہ سڑک کی تعمیر کی لاگت30اعشاریہ607ارب روپے تھی۔اکنامک زونز پر لاگت کا تخمینہ13اعشاریہ348ارب روپے تھا۔پہلی فزیبیلٹی میں جس کے تحت چھنی پل روات سے شروع ہونے والی سڑک لوسر،جاوا گلی،گورکھ پور،اڈیالہ،رکھ دھمیال تک آکر دو حصوں میں تقسیم ہونی ہے۔ایک سڑک حج کمپلیکس براستہ گرجا اور دوسری سڑک ٹھلیاں سے ہوتی ہوئی نیو اسلام آباد ایئر پورٹ اور آگے پشاور موٹر وے تک جانی تھی۔ نئی فزیبیلٹی کے تحت روات چھنی پل سے آغار کے بعد جاوا اور گلی کے درمیان سے ایک ذیلی سڑک نکال کر واپس راولپنڈی ڈی ایچ اے فیز ٹو کے قریب سےبھی ملایا جائے گا۔ابتدائی منصوبہ کے تحت 800فٹ کے رائیٹ آف وے میں300فٹ سڑک کا حصہ تھا جبکہ دونوں اطراف250/250فٹ پر اکنامک زونز بننے تھے۔جس کو اب صرف سڑک تک محدود کیا جارہا ہے۔ منصوبہ کو پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت چھوٹا کرکے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حتمی منظوری وزیر اعلی پنجاب دیں گے۔