• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن شاپنگ میں 46 فیصد دھوکہ دہی ہورہی ہے، لین اوون

لندن (وجاہت علی خان) نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل لین اوون نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ لاک ڈائون کے بعد آن لائن شاپنگ کی دھوکہ دہی46فیصد بڑھ چکی ہے اور دھوکے باز بعض ڈیٹنگ سائٹس پر نرسوں کے بہروپ میں بھی موجود ہیں، انہوں نے بتایا کہ ہمیں موصول ہونے والی رپورٹس میں سے تین فیصد کا تعلق براہ راست کورونا وائرس سے ہے اور جرائم پیشہ افراد لوگوں کے خوف سے کھیل رہے ہیں اور جعلی یا غیر منقولہ اشیا فروخت کررہے ہیں جن میں گیم کنسولز، کورونا سے بچنے کا حفاظتی سامان یعنی پی پی ای، دوائیں، ہینڈ سینٹائز وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، یہاں تک بھی شکایات ملی ہیں کہ ’’ڈیٹنگ‘‘ کے سلسلہ میں بھی دھوکہ دہی ہورہی ہے۔ مثلاً کچھ خواتین و مرد کسی ہسپتال میں نرس ہونے کا جھوٹ بول کر کہتے ہیں مجھے ملازمت پر جانے کے لیے رقم کی ضرورت ہے۔ چنانچہ اس طرح بھی عوام کے جذبات سے کھیلا جارہا ہے، تفتیش کاروں کو خدشہ ہے کہ اس قسم کے جرائم پیشہ گروہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ مالی پیکیج میں بھی فراڈ کرسکتے ہیں۔ لین اوون کا کہنا ہے کہ جنوبی امریکہ میں کوکین اور ایشیا میں ہیروئن کی پیداوار بھی کووڈ19کی وجہ سے بالکل متاثر نہیں ہوئی اور نیشنل کرائم ایجنسی نے گزشتہ مہینے تقریباً25ٹن کلاس اے کی منشیات ضبط کی ہیں، جن میں پاناما کے ساحل سے دو ٹن، اسپین اور پرتگال کے ساحل سے چار ٹن اور پاکستان و افغانستان سے سیکڑوں کلو گرام ہیروئن ضبط کی انہوں نے کہا مجرموں کو یقین ہے کہ کورونا وائرس کے اس بحران میں حکام بندر گاہوں اور ائر پورٹس پر مصروف ہیں اور اسمگلنگ کے لیے یہ نادر موقع ہے، حالانکہ ایسا سوچنا ان کی خام خیالی ہے، انہوں نے کہا، کووڈ19لاک ڈائون کے دوران ہم نے130سے زیادہ گرفتاریاں اور15ملین پونڈ سے زیادہ مجرمانہ طور پر رکھی گئی نقدی برآمد کی ہے، ہم نے چھوٹے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے46ملزموں کو گرفتار کیا، انہوں نے کہا، ہم نے ملک کے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کی انتظامیہ کو بھی مناسب ہدایات جاری کردی ہیں۔

تازہ ترین