پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق پولیس کانسٹیبل راجا آصف فیاض اور ان کے کزن سید دانش شاہ کو راولپنڈی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پولیس کانسٹیبل راجا آصف فیاض اور سید دانش شاہ کی نماز جنازہ راولپنڈی ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
بعدازاں دونوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب راجا فیاض اور سید دانش کے دوست ملک ذیشان کی میت اسلام آباد ایئرپورٹ سے ان کے آبائی علاقے پنڈی گھیب روانہ کردی گئی۔
رکن قومی اسمبلی عامر کیانی اور راجا خرم نواز نے لواحقین کے ہمراہ ایئرپورٹ پر میت کو وصول کیا، اس موقع پر لواحقین غم سے نڈھال تھے۔
راجا آصف فیاض اور سید دانش کزنز تھے اور ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے، ان کے اہلخانہ کے لیے وزیر ہوابازی نے فوری طور پر ایک ملین روپے امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔