• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ ہی کورونا کیخلاف ہماری فوج ہے، شاندانہ گلزار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزارنے کہا ہے کہ این سی او سی کی میٹنگوں میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہوتی ہیں، اپنی کمزوری چھپانے کیلئے میٹنگوں سے نکل کر حقائق نہیں بتائے جاتے، شاید یہ سمجھا جاتا ہے کہ تعاون سے لوگ سمجھیں گے ہم نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

پہلی دفعہ انٹرنیشنل میڈیا میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق سچ سامنے آرہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کر کے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہی کورونا کے خلاف ہماری فوج ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔ 

پروگرام میں ن لیگ کی رہنما سینیٹر نزہت صادق اور جمعیت علمائے اسلام کی رہنما شاہدہ اختر علی بھی شریک تھیں۔سینیٹر نزہت صادق نے کہا کہ خواتین ارکان پارلیمان کو آگے لایا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کیلئے ہر عالمی فورم پر ہمیں آواز اٹھانی چاہئے، کورونا کیخلاف لڑائی میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

شاہدہ اختر علی نے کہا کہ کورونا سے انسانی زندگیوں کو بچانا ہماری پہلی ترجیح ہونا چاہئے، سیاستدان ایک دوسرے سے دست و گریباں ہونے کے بجائے کورونا سے لڑنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں، پاکستانی وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ کشمیر کا معاملہ اٹھانا چاہئے۔

پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار نےکہا کہ دیہی علاقوں میں جائیں تو لگتا ہے کورونا ایک شہری وائرس ہے ، دیہی علاقوں میں لوگ احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کررہے ہیں، کورونا سے ریکور ہونا مشکل نہیں ہے، پاکستان میں کورونا متاثرہ100میں سے 92لوگ ٹھیک ہورہے ہیں۔

دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد گھریلو تشدد میں اضافہ ہوا ہے، دنیا میں کہیں بھی لوگ لاک ڈاؤن کو نفسیاتی طور پر قبول نہیں کرپارہے ہیں، منتخب نمائندوں کو پاکستانی شہریوں کو امید کا پیغام دینا چاہئے۔ شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ این سی او سی کی میٹنگوں میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہوتی ہیں۔

اپنی کمزوری چھپانے کیلئے میٹنگوں سے نکل کر حقائق نہیں بتائے جاتے، شاید یہ سمجھا جاتا ہے کہ تعاون سے لوگ سمجھیں گے ہم نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، پارلیمنٹ میں خواتین ارکان کبھی غلط زبان استعمال نہیں کرتی ہیں۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صرف لاک ڈاؤن نہیں مکمل میڈیا بلیک آؤٹ بھی ہے، پہلی دفعہ انٹرنیشنل میڈیا میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق سچ سامنے آرہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کر کے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، کشمیریوں نے جس بہادری سے ہندوستانی مظالم کا سامنا کیا وہی ان کی طاقت ہے، پاکستان کو ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنا ہوگا۔

سعودی عرب ،بحرین اور یو اے ای کی طرف سے مودی کو اعزازات دینے پر بہت تکلیف ہوئی تھی، او آئی سی اسلامی ممالک میں یکجہتی پیدا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

تازہ ترین