• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لمبے بوٹ پہن کر عوام کو گمراہ کرنے کے دن جا چکے، شہباز گل


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کا کہنا ہے کہ شوبازی اور لمبے بوٹ پہن کر عوام کو گمراہ کرنے کے دن جاچکے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگل نے کہا کہ نون لیگی قیادت نے ملکی دولت لوٹ کر لندن میں جو پراپرٹی بنائی اس کی واپسی کا اشتہار دیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی سیاست کا مقصد عوام کی دولت لوٹنا اور اپنی جیبیں بھرنا تھا، سات سات گھر کیمپ آفس بنا کر قومی خزانے سے چل رہے تھے۔

شہباز گل نے کہا کہ رانا مشہود جیسے وزیر مال اکٹھا کر کے ان کو پہنچا رہے تھے، ان کی فرسٹریشن کے پیچھے بہت لمبی کہانی ہے، موجیں لگی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مال بن رہا تھا، ٹی ٹی لگ رہی تھیں، باپ سبسڈی دے رہا تھا، بیٹے وصول کر رہے تھے، سرکاری ٹھیکیدار ان کے فرنٹ مینوں کے اکاؤنٹس میں اربوں ڈال رہے تھے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ٹی ٹی کے پیسے سے بیگمات کے لیے ولاز خریدے جا رہے تھے، سرکاری فنڈر سے ذاتی شوگر ملز کے لیے انفراسٹرکچر بن رہے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ لندن میں نابالغ بچوں کے نام پر جائیدادیں بن رہی تھیں، جبکہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں تھی۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ اونٹوں پر ڈالر اور ریال سعودی عرب سے قطر اور قطر سے لندن جا رہے تھے، بخار کی دوائیں بھی لندن سے آ رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شہباز گل کا شہباز شریف اور احسن اقبال کے بیان پر ردِعمل

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عیدیں شبراتیں سرکاری خرچے پر لندن میں ہو رہی تھیں، مودی اور جندال کے ساتھ کاروبار چل رہے تھے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی رہنما اور ترجمان مریم اورنگ زیب نے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والا وزیرِ اعظم لاپتہ ہیں، طیارہ حادثے کی تحقیقات پر عوام سوال پوچھ رہے ہیں لیکن وزیرِ اعظم لاپتہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا مریضوں اور اموات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے لیکن حکومت کی کوئی حکمتِ عملی نہیں ہے، ‎بی آر ٹی کے 126 ارب کے کھڈے کھودے گئے، خیبر پختون خوا کے احتساب کمیشن کو 7 سال سے تالا لگاہوا ہے۔

تازہ ترین