• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: 51 لاشوں کا ڈی این اے کر لیا گیا، ڈاکٹر محمد اشرف

طیارہ حادثہ : 51 لاشوں کا ڈی این اے کر لیا گیا ہے ، ڈاکٹر محمد اشرف


پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف طاہر نے کہا ہے کہ کہ طیارہ حادثے کی 51 لاشوں کا ڈی این اے کرکے ان کا پروفائل تیار کر لیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اگر ان لواحقین کے نمونے بھجوا دیے تو صرف بارہ گھنٹوں میں لاشوں کی شناخت کرسکتے ہیں۔

طیارہ حادثے کے DNA ٹیسٹ 6 تا 8 دن میں مکمل ہو جائینگے: اقبال چوہدری

 دوسری طرف انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے جاں بحق تمام افراد کے ڈی این اے 6 سے 8 دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے۔

ایک بیان میں انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے تمام تر انتظامات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 12 ڈی این اے میچ ہوچکے ہیں، ہمارے پاس دنیا کے دیگر لیباریٹریز کے معیار کے مطابق کام ہو رہا ہے۔

ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس کا مزید کہنا ہے کہ ہماری ٹیم 24 گھنٹے ڈی این اے پروفائلنگ میں مصروف ہے، وزیرِصحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو ڈی این اے کے معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

تازہ ترین