لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو نیا استحکام بخشا ہے۔
دلیر نوازشریف کی صاف دل اورجرات مند قیادت ایٹمی دھماکے نہ کرتی تو آج تاریخ مختلف ہوتی، یوم تکبیرپاکستانی قوم کے لئے تاریخی دن ہے جس دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی جوہری قوت بن کر ابھرا۔
سوشل میڈیا پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے خطرات، دھمکیوں اور لالچ کی پروا نہ کرتے ہوئے قائدانہ صلاحیتوں کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن انداز میں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیربنادیا۔ قومی سلامتی کے لئے جوہری صلاحیت ناگزیر ہے۔
ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جوہری دھماکوں سے پاکستان نے غیرت، عزت اور خودمختاری سے زندہ رہنے کا فیصلہ کیا،یہ ہماری قومی بقا، سلامتی اور مستقبل کے لئے فیصلہ کن دور تھا۔