پنجاب میں آرتھرائٹس کے مرض میں استعمال کیے جانے والے انجکشن کا کورونا وائرس کے مریضوں پر ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں کہ اس انجکشن کے استعمال سے کورونا سے شدید متاثرہ 10 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں جیونیوز کو بتایا کہ کورونا کے مریضوں پر آرتھرائٹس کے انجکشن کے استعمال سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اب تک 10 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے شدید حملے پر یہ انجکشن 24 گھنٹوں میں 2 بار لگایا جاتا ہے، 2 انجکشنز کی قیمت 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے قریب ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: چینی ماہرین کا کورونا کے علاج کی دوا بنانے کا دعویٰ
وزیرِ صحت پنجاب نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں یہ انجکشن دستیاب ہیں اور مریضوں کو حکومت کی جانب سےمفت دیئے جاتے ہیں۔
کورونا ایڈوئزری کمیٹی پنجاب کے وائس چیئرمین ڈاکٹر اسد اسلم اس حوالے سے کہتے ہیں کہ مختلف اسپتالوں میں اس انجکشن کا ٹرائل جاری ہے، جبکہ متعدد مریضوں کو یہ انجکشن دے کر وینٹی لیٹر پر جانے سے بچایا جا چکا ہے۔