• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہجوم کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی مذمت

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) نے کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ ہزارہ ٹاؤن میں تشدد کے نتیجے میں ایک نوجوان کو ہلاک اور 2 کو زخمی کیا جانا قابلِ مذمت ہے۔

ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کا مزید کہنا ہے کہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی سفاکانہ ہے۔

ایچ ڈی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویڈیو بنانے کے الزام میں کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں ہیئر ڈریسر کی دکان پر بیٹھے 3 نوجوانوں پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا۔

مشتعل افراد کے تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے تھے۔

مشتعل ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ڈی ایس پی صدر اور ایس ایچ او بروری زخمی ہو ئے۔

پولیس کے مطابق خروٹ آباد کے رہائشی تین نوجوان بلال احمد، خلیل احمد اور نیاز احمد گزشتہ شب ہزارہ ٹاؤن علی آباد میں واقع ہیئر ڈریسر کی دکان میں بیٹھے تھے کہ وہاں چند افراد آئے اور ان سے کہا کہ ہماری ویڈیو کیوں بنائی اور پھر تینوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے تینوں زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو مشتعل افراد نے پولیس پر بھی پتھراؤ کر دیا جس کے باعث ڈی ایس پی صدر ایاز حیدر اور ایس ایچ او بروری عزت اللّٰہ بھی زخمی ہو گئے۔

پولیس نے زخمیوں کو بی ایم سی اسپتال پہنچایا جہاں زخمی نوجوان بلال احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور کشیدگی پھیل گئی۔

تازہ ترین