• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ  حادثہ، تحقیقات آخری مراحل میں داخل، ائربس کی ٹیم کل واپس روانہ ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسی) پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئی ، تحقیقات کیلئے فرانس سے آئی ائیربس کی ٹیم پیر کو واپس روانہ ہو جائے گی، ٹیم اس زاویے سے تحقیقات کررہی ہے کہ کیا طیارہ گرنے کی وجہ طیارے میں نقص تھا۔ 

اگر طیارے میں نقص تھا تو کیا یہ پی آئی اے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی غلطی تھی، طیارے کی ساخت میں کوئی خرابی تھی یا پھر انسانی غلطی تھی۔11 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے شواہد اکھٹے کرلئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ائیرٹریفک کنٹرولروں ذمہ دار ہیں یا پھر پائلٹ۔ 

دوسری جانب کراچی میں پی آ ئی اے کے طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے معروف صحا فی انصار نقوی،اسکواڈرن لیڈرزین العارف خان ،لاہور کے مقامی ایڈور ٹائزنگ کمپنی کے ملازم عارف اقبال کی اہلیہ فوزیہ ارجمند ،دونوں بچوں عیشمل اور عائیلین کو ہفتے کے روز مقامی قبرستانوں میں سپرد خاک کردیا گیا، عارف اقبال کی ایک اور بیٹی بھی اس حادثے میں شہید ہوئی ہے جس کی تدفین شناخت کے بعد کی جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے حادثے کا شکار ائیر بس 320 طیارہ کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔

فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے اہم شواہد اکھٹے کرلیے ہیں، 11 رکنی ٹیم اپنے ہمراہ بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس لے جائے گی۔ ائیرکرافٹس ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن بورڈ کی پاکستانی ٹیم کا ایک رکن بھی فرانس کی ٹیم کے ساتھ جائیگا۔ 

جائے حادثہ سے طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام مکمل کئے جانے کا امکان ہے، تباہ شدہ جہاز کا ایک انجن ابھی بھی جائے حادثہ پر موجود ہے، انجن کو کرین کی مدد سے مکان کی چھت سے اتارا جائے گا۔ 

پی آئی اے حادثے میں شہید ہونے والےا سکواڈرن لیڈرزین العارف خان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس فیصل میں ادا کی گئی۔ 

وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھے اور اپنے والدین کے ساتھ عید منانے کراچی آرہے تھے۔ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے کی گئی جس کے بعد میت تدفین کے لئے پاک فضائیہ کےحکام کے حوالے کی گئی تھی۔

ان کی نماز جنازہ میں ائیر وائس مارشل احمد حسن، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (انجینئرنگ) ، ائیروائس مارشل عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں ،فوجی اور سول عہدیداران کے علاوہ شہید افسر کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔ 

بعد ازاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ پی اے ایف بیس کورنگی کریک کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ عارف اقبال کی اہلیہ اور بچوں کو ماڈل کالونی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ 

متحدہ قومی مو ومنٹ پاکستان کی ممبر سندھ اسمبلی رعنا انصار کے شوہر معروف صحافی انصار نقوی کی نماز جنا زہ کراچی کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی۔

جنازے وتدفین میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ،ڈپٹی کنوینر کنو رنوید جمیل ،رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری ،رکن رابطہ کمیٹی وممبر سندھ اسمبلی خو اجہ اظہا ر الحسن، حیدرآباد کے مئیر طیب حسین ،ڈپٹی مئیر سہیل مشہدی ،بلدیاتی نما ئند گان اور ذمہ داران کے علاوہ صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، قاری عثمان، سند ھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، ڈاکٹر فاروق ستار، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال، صدر انیس قائم خانی اور دیگر مرکزی رہنماؤں کے علاوہ صحافیوں، رشتے داروں نے شر کت کی۔ 

انہیں سی او ڈی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، ان کے سوئم کے سلسلے میں اتوار کو بعد نماز عصر تا مغرب قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے،سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے رعنا انصاراور انکے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور مر حوم کی درجا ت کی بلندی کیلئے دعا کی ۔  

تازہ ترین