• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماتحت عدالتیں کل سے کھل جائینگی، ایس او پیز کے مطابق کام ہو گا

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان کی ہدایت پر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کی تمام ضلعی عدالتیں کل یکم جون سے مکمل حفاظتی انتظامات کیساتھ مقدمات کی سماعت کریں گی۔ اس نوٹیفکیشن کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی چوہدری محمد طارق جاوید نے فوری طور پر تمام ماتحت عدالتوں کے 93جوڈیشل افسران کو تحریری طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ اتوار 31مئی تک اپنے سٹیشن پر پہنچ جائیں تاکہ پیر کے روز سے عدالتیں باقاعدہ اپنا کام شروع کر سکیں ۔عدالتی اوقات کار صبح آٹھ تا ساڑھے تین بجے تک ہونگے، نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام جوڈیشل افسر ہینڈ سینی ٹائزر استعمال کرتے ہوئے سینٹی ٹائزنگ واک تھرو گیٹس سے گزریں گے، پریزائڈنگ آفیسر، وکلا، عدالتی عملہ اور فریقین ماسک اور گلوز کا استعمال یقینی بنائیں گے، کوئی شخص بھی بغیر ماسک اور گلوز کے عدالت یا اس سے ملحقہ کمرے میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ عدالت میں صرف وہی وکیل، ان کا جونئیر، پولیس اہلکار یا سائل داخل ہو سکے گا جسے زیرسماعت کیس یا کسی ضروری کام سے متعلق بلایا جائے گا۔ تمام سیشن جج اپنے اضلاع میں کورونا سے بچائو کیلئے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی حکومتی ہدایات پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
تازہ ترین