• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال کے واقعے پر ہائی لیول انکوائری کے احکامات جاری

وزیراطلاعات سندھ سید ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ سول اسپتال کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہائی لیول انکوائری کے احکامات دے دیئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پہلے جناح اسپتال میں توڑ پھوڑ اور پھر سول اسپتال پر ہنگامہ آرائی ناقابل برداشت ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچا رہے ہیں، یہ بات نا قابل برداشت ہے کہ اُن کے ساتھ بد تمیزی اور تشدد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: سول اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج جاری

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں حکومت اُن کے ساتھ ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اگر لواحقین کو کسی حوالے سے کوئی شکایت تھی تو انتظامیہ سے بات کی جاتی، زبردستی حملہ کرنے کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سول اسپتال کراچی میں مریض کا انتقال ہوا تھا، جس کے بعد لواحقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی۔

مظاہرین کی جانب سے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی گئی اور مشتعل افراد میت ساتھ لے گئے تھے۔

تازہ ترین