• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں تباہ جہاز کی لاہور سے ٹیک آف کی ویڈیوز


کراچی میں گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے جہاز کی 22 مئی کو لاہور سے ٹیک آف اور فضائی منظر کشی کی ویڈیوز اور تصاویر ’جنگ‘ کو موصول ہوئی ہیں۔

یہ تصاویر اور ویڈیوز اس پرواز میں سوار ایک خاتون مسافر نے شوقیہ طور پر لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر طیارے کے ٹیکسی کرنے، رن وے پر دوڑنے، ٹیک آف کرنے اور پھر جہاز کے فضاء میں جانے کے دوران مختلف اوقات میں بنائیں۔

پہلی ویڈیو میں جہاز کی ونڈو سے علامہ اقبال ایئر پورٹ لاہور کی عمارت واضح نظر آ رہی ہے۔

خاتون کی ونڈو سیٹ کی ڈائریکشن کے حساب سے ویڈیوز میں جہاز کا سیدھے ہاتھ کا پر اور اس پر ایئر بس کا نمبر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

خاتون مسافر نے جہاز کے ٹیکسی کرنے کے دوران طیارے کے باہر کے مناظر کو شوقیہ طور پر فلم بند کیا۔

ویڈیو میں جہاز میں ایئر ہوسٹس کی جانب سے مسافروں کو سفری ہدایات کی آواز سنائی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پاک فضائیہ کے شہید اسکواڈرن لیڈر زین العارف سپردِ خاک

خاتون نے رن وے پر جہاز کے دوڑنے اور ٹیک آف کے بعد لاہور کا 2 منٹ کا فضائی منظر بھی ریکارڈ کیا۔

ٹیک آف کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان نے بہترین انداز میں لاہور سے کراچی کے لیے ٹیک آف کیا۔

پرواز کے ٹیک آف کے کافی دیر بعد ایک منٹ کی ایک اور فضائی منظر کشی میں بھی جہاز میں کوئی خلل ظاہر نہیں ہو رہا اور سب کچھ نارمل محسوس ہو رہا ہے۔

فلائٹ پی کے 8303 کے لیے ایئر بس 330 کا رجسٹریشن نمبر بی ایل ڈی جہاز کے ونگ پر واضح ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ ویڈیوز کوئی تحقیقات کے حوالے سے کوئی بڑا بریک تھرو تو نہیں لیکن یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ لاہور سے ٹیک آف اور اس کے بعد کے فضائی سفر میں پرواز میں کوئی گڑبڑ محسوس نہیں ہو رہی اور سب کچھ نارمل تھا۔

تازہ ترین