• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع


اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، نیب میں پیشی سے ایک دن پہلے شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے اپنی درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ 1972 ءمیں بطور تاجر کاروبار کا آغاز کیا، ایگری کلچر، شوگر اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اہم کردار ادا کیا، سماج کی بھلائی کے لیے 1988ء میں سیاست میں قدم رکھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے نیب نے انکوائری شروع کی، نیب کی جانب سے لگائے گئے الزامات عمومی نوعیت کے ہیں۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ 2018ء میں اسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اس دوران بھی نیب کے ساتھ بھر پور تعاون کیا تھا، 2018ء میں گرفتاری کے دوران نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک بھی ثبوت سامنے نہیں رکھا، نیب ایسے کیس میں اپنے اختیار کا استعمال نہیں کر سکتا جس میں کوئی ثبوت موجود نہ ہو۔

شہباز شریف نے موقف اختیار کیا کہ تواتر سے تمام اثاثے ڈکلیئر کرتا آ رہا ہوں، منی لانڈرنگ کے الزامات بھی بالکل بے بنیاد ہیں ، نیب انکوائری کے دوران اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے اختیارات استعمال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیب انکوائری دستاویزی نوعیت کی ہے اور تمام دستاویزات پہلے سے ہی نیب کے پاس موجود ہیں، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کے پاس زیر التوا ءانکوائری میں گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے، لہذا درخواست گزار کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

تازہ ترین