گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے صدروقار حسین بٹ اور جنرل سیکرٹری سید عمران حیدر نقوی کی قیادت میں ایک وفد نے ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے سلسلے میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن سمیت دیگر ججوں کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے علاوہ جسٹس مظاہر علی نقوی ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس انوار الحق اور رجسٹرار ہائیکورٹ طارق افتخار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے عہدیداران صدروقار حسین بٹ ، سیکرٹری سید عمران حیدر، سینئر نائب صدر وسیم اقبال چغتائی ، جوائنٹ سیکرٹری عامر نذیرچوہدری ، نائب صدر محمد ذیشان الٰہی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے سامنے یک نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر ڈویژن گوجرانوالہ کیلئے ہائیکورٹ بنچ کے قیام کا اعلان کیا جائے۔ جس پر چیف جسٹس اعجاز الاحسن نے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگز جاری ہے، انشاء اللہ جلد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔