• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راحت فتح علی خان کا بھارتی موسیقار واجد کے انتقال پر اظہار رنج وغم

راحت فتح علی خان کا بھارتی موسیقار واجد کے انتقال پر اظہار رنج وغم 


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے نامور گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے بھارت کے مقبول میوزک کمپوزر واجد خان کے انتقال پر انتہائی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میوزک انڈسٹری کے لئے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن میوزک کے لیے سیاہ دن ہے، کیونکہ واجد خان آج ہم سے جدا ہوگئے ہیں، وہ بہت کمال کے میوزک کمپوزر اورعمدہ انسان تھے اور یہ ایسا ناقابل تلافی نقصان ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا اور یہ دکھ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا بلکہ جب تک ہم ہیں ہمیں اس دکھ کے ساتھ ہی جینا پڑے گا۔راحت فتح علی خان نے کہا کہ ساجد خان اور واجد خان کی جوڑی نے بولی وڈ کے میوزک کو ایک ایسے مقام پر پہنچایا، جس کی مثال نہیں ملتی، ان کے بنائے گیتوں نے پوری دنیا میں دھوم مچائی، مجھے بھی ان کے ساتھ دبنگ سیریز سمیت دیگر فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا، وہ واقعی ہی بہت سمجھدار اور جانکار موسیقار تھے، ان کے ساتھ بہت سی یادیں میرے پاس ہیں۔راحت فتح علی خان نے واجد خان کی فیملی سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ان کا کہنا تھا کہ واجد بھائی آپ نے بہت جلدی کی۔

تازہ ترین