• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر کو ملک میں کورونا سے مزید54 افراد کا انتقال

پیر کو ملک میں کورونا سے مزید54 افراد کا انتقال


کراچی، لاہور (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) پیر کو ملک میں کورونا سے مزید 54افراد انتقال کرگئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1574 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 74347 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک سندھ میں 503 اور پنجاب میں کورونا سے 497 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 482 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

اسکے علاوہ بلوچستان میں 47، اسلام آباد 28 ، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 561136؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 26083؍ کورونا کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ادھر محکمہ صحت کی جانب وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا کے 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد کورونا مریضوں کا اندازہ لگایا ہے، اسمارٹ سیمپلنگ کے دوران ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا، ان کیسز میں علامات نہیں، یہ انفیکشن اور لوکل ٹرانسمیشن کا ذریعہ بنے ، کوئی بھی رہائشی علاقہ اور قصبہ وبا سے محفوظ نہیں ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پیر کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 3246 کیسز اور 54 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں جن میں پنجاب سے 1184 کیسز 22 ہلاکتیں، سندھ 1402 کیسز اور 22 اموات، خیبر پختونخوا سے 458 کیسز اور 9 ہلاکتیں، اسلام آباد 171 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان سے 27 کیسز اور آزاد کشمیر سے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ سے پیر کو کورونا کے مزید 1402 کیسز اور 22 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔ 

صوبے میں وائرس سے مر نے والوں کی تعداد 503 ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 29647 ہو چکی ہے۔ پیر کو پنجاب سے کورونا کے مزید 1184 کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 26240 اور ہلاکتیں 497 ہوگئی ہیں۔

 صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7021 ہے۔ اسلام آباد سے آج کورونا وائرس کے مزید 171 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔جسکے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2589ہوگئی ہے جبکہ اموات 28ہو چکی ہیں۔ 

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 169افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 

آزاد کشمیر میں بھی پیر کو کورونا کے مزید 4کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

 حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 255 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 168 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 بلوچستان حکومت کی جانب سے پیر کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے البتہ اتوار کو صوبے میں مزید 200 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد صوبے میں تصدیق شدہ کورونا مریضوں کی تعداد 4393 ہو گئی ہے۔

تازہ ترین