• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ 7ہزار 600؍ ارب روپے کا ہوگا، اہداف کم رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جنگ نیوز) آئندہ وفاقی بجٹ 7؍ ہزار 600؍ ارب روپے کا ہوگا۔ کورونا وائرس کے باعث تمام اہداف کم رکھنے کا فیصلہ اور ایف بی آر کیلئے 51سو ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ دفاعی بجٹ میں 10؍ فیصد سے زائد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ماہ کی 12؍ تاریخ کو نیا بجٹ پیش کیا جائے گا جس کا حجم سات ہزار چھ سو ارب روپے رکھا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے دوران شرح نمو کا ہدف 3؍ فیصد رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تمام اہداف کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ وفاقی بجٹ کے ابتدائی خدوخال میں قرضوں اور سود کی ادائیگی بڑا بوجھ قرضوں اور سود کی ادائیگی پر 3ہزار 2سو ارب سے زائد خرچ ہونگے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دفاعی بجٹ میں 10؍ فیصد سے زائد اضافے کی تجویز زیر غور ہے، دفاع کیلئے 1 ہزار 4سو ارب روپے سے زائد مختص کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سبسڈیز اور پنشن ادائیگی کیلئے 700؍ ارب سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، آئندہ سال ایف بی آر کیلئے 51سو ارب روپے کا ہدف مقرر کیا، ایف بی آر اہداف حاصل کرنے کیلئے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کے سالانہ بجٹ میں کٹوتی ہو گی، وفاقی حکومت کے اخراجات کیلئے 490؍ ارب سے زائد مختص کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران برآمدات کو بڑھانے کا ہدف رکھا جائے گا، بجٹ سے پہلے وزارت خزانہ بجٹ ونگ حکام اسلام آباد سے باہر نہیں جائیں گے۔
تازہ ترین