• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشنا شاہ اور عثمان خالد بٹ بھی امریکی سیاہ فاموں کیلئے بول پڑے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان خالد بٹ اور اداکارہ اشنا شاہ نے امریکی سیاہ فام شہریوں کے حق میں آواز اُٹھاتے ہوئے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں عثمان خالد بٹ نے کہا کہ ’امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے ہلاک ہونے والے امریکی سیاہ فام شہری کی ویڈیو پورے امریکا میں دیکھی جارہی ہے۔‘

عثمان خالد بٹ نے کہا کہ ’اور جس طرح امریکا میں لوگ اِس نسل پرستی کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں یہ ہم سب کے لیے اقلیتوں کے حق میں آواز اُٹھانے کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔‘

دوسری جانب اداکارہ اشنا شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ایک لمحے کے لیے سوچیے کہ اگر ہمارے ملک میں اِس طرح اقلیتوں کے ساتھ ہو رہا ہوتا جیسے آج امریکا میں سیاہ فام لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے تو کیا ہمیں اقلیتی برادری کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اجازت دی جاتی؟

اشناشاہ نے اپنے سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم کبھی بھی اقلیتی برادری کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر نہیں نکلتے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اگر ہم نکل بھی جاتے تو ہمارے اپنے ہی لوگ ہم پر توہین مذہب کا الزام لگا دیتے اور ہمیں پھانسی دے دیتے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ BlackLivesMatter اور PakistaniMinorities بھی استعمال کیے۔

یاد رہے کہ 25 مئی کو منیسوٹا میں ایک امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے سیاہ فام امریکی شہری ہلاک ہوگیا تھا اور اِس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد سے امریکا میں سیاہ فام امریکی شہریوں کی جانب سے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

تازہ ترین