• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ صبح بیدار ہوتے ہی جو کچھ ہاتھ لگے کھالیتے ہیں؟ اکثر لوگ یہی غلطی کرتے ہیں۔ دفتر پہنچنے کی جلدی میں ہم اپنے ناشتے پر دھیان نہیں دیتے اور خالی پیٹ وہ اشیا بھی کھالیتے ہیں، جو کہ نہیں کھانی چاہئیں کیونکہ ان کی وجہ سے سارا دن پیٹ میں اینٹھن، تیزابیت، درد یا گیس کی شکایت ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔ اگر صبح کے ناشتے میں تھوڑی سی احتیاط کرلی جائے توآپ کاد ن بھی اچھا گزر سکتا ہے اور دماغ بھی بہتر کام کرے گا۔ ذیل میں ہم کچھ ایسی غذاؤں کا ذکر کررہے ہیں، جو نہار منہ استعمال نہیں کرنی چاہئیں۔

کافی

اگر آپ کی آنکھ کافی پیے بنا نہیں کھلتی تو آپ کو اپنے معدے پر رحم کرنا چاہئے کیونکہ خالی معدے میں یہ ایسیڈیٹی کا باعث بنتی ہے اور اس سے جلن اور بدہضمی کی شکایت ہو سکتی ہے۔ صبح خالی پیٹ کافی پینا معدے میں بننے والے اس گیسٹرک جوس میں کمی لاتا ہے، جس سے دیگر غذائیںہضم ہونے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس سے نظام ہاضمہ میں ہائیڈرو کلورک ایسڈ بھی پیدا ہوتاہے،جس سے آپ کو گیس کی شکایت کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔

مسالے دار غذائیں

صبح صبح اگر آپ پراٹھوں سے مسالے والا اچار کھار ہے ہیں تو اس مسالہ اور اس سے پیدا ہونےو الی گرمی سے آپ کے پیٹ میں درد ہوسکتاہے کیونکہ مسالے اور مرچ خالی معدے میں ہلچل مچاتے ہوئے بدہضمی اور ایسیڈیٹی میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

ٹماٹر

بہت سے لوگ صبح ٹماٹر کھاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس میں بنیادی غذائی اجزا ہوتے ہیں۔ بہرحال ٹماٹر میں بڑی مقدار میں ٹینِک ایسڈ(Tannic Acid) ہوتا ہے، جس سے تیزابیت ہوتی ہے اور السر ہونے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ خالی معدے کو کھیرا ہضم کرنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔ اس کا مطلب سلا د اچھی چیز ہے لیکن صبح خالی پیٹ نہیں۔

پروسیسڈ شوگر

اگر آپ صبح صبح چینی سے بھرے فروٹ جوس پیتے ہیں تو آپ کو اس پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ جب آپ کے خالی معدے کومسلسل وافر مقدار میں چینی ملتی ہے تو اس سے آپ کے جگر اور لبلبے کونقصان پہنچنے کا احتمال ہوتا ہے۔ اس چینی سے گیس پید اہوتی ہے اور آپ کو اپنا پیٹ پھولا ہوا محسو س ہوتا ہے۔ صرف جوس ہی نہیں پیسٹر ی اور ڈونٹس میں بھی وافر مقدار میں چینی ہوتی ہے، جس سے گیس پیدا ہوتی ہے۔

اب نظر ڈالتے ہیں ان غذاؤں پر جو خالی پیٹ کھائی جاسکتی ہیں اور ان کا نہار منہ کھانا بہت فائد ہ دیتا ہے۔

تازہ پھل

تازہ پھلوں کی چاٹ نظام ہضم کیلئے بہترین ہوتی ہے۔ تازہ پھلوں سے دن کا آغاز کریں تو آپ کو جسمانی توانائی ملے گی، وزن کم ہوگا اور آپ اپنی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے انجام دے سکیں گے۔خیال رہے کہ نہار منہ کھانے کے لیے اس چاٹ میں کیلا اور ترش پھل نہ ڈالیں۔

بھیگے ہوئے بادام

بادام میں مینگنیز، وٹامن ای، پروٹین ، فائبر ، اومیگا تھری اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ پائے جاتے ہیں۔ چند بادام رات کو بھگو کر رکھ لیں اور صبح اُٹھتے ہی انھیں کھالیں ۔

کیلا

ہوسکتا ہے کہ آپ بھی یہ سوچ کر صبح کیلا کھاتےہوں کہ یہ غذائیت سے بھر پور پھل ہے۔ یہ بات کچھ غلط بھی نہیں لیکن خالی پیٹ کیلا کھانا آپ کے دل پر مضر اثرات ڈال سکتا ہےکیونکہ کیلے میں وافر مقدار میں میگنیشیم اور پوٹاشیم موجود ہو تاہے، جس کی وجہ سے آپ کے پیٹ میں خون کی روانی تیز ہو سکتی ہےا ور آپ کے دل کو نقصان پہنچ سکتاہے۔

ترش پھل

ہو سکتا ہے کہ آپ کی والدہ نے کہا ہو کہ صبح صبح ترش پھل نہ کھائو۔ اگر آپ نے خالی پیٹ کینو وغیرہ کھالیا تو اس سےتیزابیت ہوتی ہے، جس سے آپ کو پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔ فائبر کی زیادتی اور ان پھلوں میں موجود فرکٹوز (ایک قسم کی شکر) آپ کے نظام ہاضمہ کو سست کرتے ہیں اور تما م دن یہ خراب رہ سکتا ہے۔

انڈے

یہ ایک مکمل غذا اورمعدے کیلئے بہترین ہیں۔ تحقیق کے مطابق صبح کھائے جانے والے انڈے آپ کی دن بھر کی کیلوریز جلانے میں مدد کرتے ہیں اور پیٹ کی چربی بڑھنے سے روکتے ہیں۔

شہد

شہد میں منرلز، وٹامنز، فلیونائڈ ز اور انزائمز ہوتے ہیں، جو آپ کو صحت مند رہنے میں مدد کرتے ہیں۔ شہد کوپانی میں گھول کر پینے سے آپ کے جسم کے سارےزہریلے مادے خارج ہو جاتے ہیں، اس سے آپ کا میٹا بولزم بھی تیز ہوتا ہے جبکہ جسم میں پیداہونے والی توانائی سارا دن آپ کے کام آتی ہے۔

تازہ ترین