• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، کورونا مریضوں کی ذاتی معلومات شیئر کرنے پر پابندی

بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ذاتی معلومات کی شیئرنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، صوبے بھر میں کورونا وائرس سے متاثر کسی بھی مرد، خاتون، بچوں یا فیملی کی ذاتی معلومات کی شیئرنگ ممنوع ہوگی۔

یہ بات پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی کی جانب سے تمام اسپتالوں کے سربراہان کو لکھے گئے مراسلے میں کہی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی معلومات کی شیئرنگ سے متاثرہ افراد ذہنی کوفت کا شکار ہورہے ہیں اور انہیں امتیازی رویوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ذاتی معلومات کی شیئرنگ کے واقعات کے بعد اسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرح میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ سماجی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کوئی ایسی اچھوت وبا نہیں کہ مریضوں کو حقارت سے دیکھا جائے۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے ہدایت کی ہے کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر اسپتالوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے متاثرین کی پرسنل انفارمیشن کسی بھی طور لیک نہ کی جائے۔

تازہ ترین