• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا کیخلاف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی جان دائو پر لگاتے ہوئے فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسانیت کا دفاع کرنے والے ہاتھوں کے اپنے تحفظ اور ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ملکوں کی حکومتوں نے طبی عملے کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان بھی کیا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ وطن عزیز میں اس باب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پہل کرتے ہوئے کورونا وارڈ میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کیلئے خصوصی ہیلتھ الائونس کی منظوری دی ہے، دیگر صوبوں کو بھی سندھ حکومت کے اقدام کی تقلید کرتے ہوئے میڈیکل عملے کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا اعلان کردہ مذکورہ الائونس ایک بنیادی تنخواہ کے برابر ہے، یہ اُن ہیلتھ پروفیشنلز کو دیا جائے گا جو کووڈ انیس کی ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس الائونس کا اطلاق مارچ 2020سے ہوگا۔ الائونس ہیلتھ پروفیشنلز کو بی ایس پی 17-18کے شروعاتی اسکیل کے حساب سے ملے گا۔ واضح رہے کہ تمام صوبوں کی میڈیکل ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی معالجین و پیرا میڈیکل عملے کیلئے حفاظتی کٹس کی فراہمی اور خصوصی مراعات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کورونا کیسز کی رفتار میں تیزی آنے کے بعد بڑی تعداد میں طبی عملہ وائرس سے متاثر ہو رہا ہے جبکہ اب تک کئی ڈاکٹر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا میں مبتلا ہوکر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ضروری ہے کہ طبی عملے کے تحفظ کیلئے بھی حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اب جبکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد کا کورونا میں مبتلا ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے طبی عملے کی حفاظت کے لیے ہنگامی پلان طلب کر لیا گیا ہے، اس باب میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں0092300464799

تازہ ترین