وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہبازشریف سیاسی کارکنان کے لیے نہایت غیر سیاسی مثالیں قائم کر رہے ہیں، بطورسیاسی رہنمااحتساب سے بچنے کے لیے گھر میں چھپ جانا بزدلانہ فعل ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر شہبار شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب پیشی سے فرار لیکن ہائیکورٹ میں ریلیف کے لیے پیشی کے پیچھے منافقت چھپی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اپنی چمڑی اور دمڑی دونوں کو بچانے کے چکروں میں ہیں، حکومتی ادارے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ احتساب کا عمل جاری رکھیں گے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آلِ شریف سوال گندم جواب چنا کی گمراہ کن پالیسی پر عمل پیرا ہے، آمدن سے زائد اثاثوں کا سوال ہو تو جواب ٹڈی دل اور کورونا ہوتا ہے، عوام کواربوں کا چونا لگانے والے لیگی رہنما عوام کے خیر خواہ ہونےکی ایکٹنگ کر رہے ہیں۔
اُن کا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے متعلق کہنا تھا کہ عثمان بزدار ٹڈی دل اور کورونا سے بچاؤ کے لیے خاطر خواہ انتظامات کر رہے ہیں، اداروں اور عوام کے باہمی کردار سے ہی کورونا کو شکست دی جا سکتی ہے۔