پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے لوگوں میں راشن نہیں بانٹا صرف بھاشن دیے ہیں۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ’ہمارا کپتان سندھ میں 35 ارب روپے لوگوں کو دے چکا ہے۔‘
انہوں نے سوال کیا کہ سندھ حکومت نے کیا دیا؟ 35 روپے بھی دیے؟ سندھ حکومت نے راشن نہیں صرف بھاشن دیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ میرے کپتان نے 1250 ارب روپے کا پیکج دیا، تم نے کسی کو 1250روپے دیے؟
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہر روز میٹنگ ہر روز نوٹیفکیشن، لیکن گراؤنڈ پر کیا کیا؟
ایوان میں جب حکومتی اراکین نے شور مچایا تو حلیم عادل شیخ نے کہا کہ طے ہوا بیچ میں نہیں بولیں گے آپ گند کریں گے تو ہم اس سے بڑی گند کر سکتے ہیں۔
ایک مرتبہ پھر اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میرے کپتان نے اربوں روپے دے دیے ایک تصویر نہیں لگائی، لیکن سندھ کے ایک بہت بڑے سردار نے ایک صابن دیا تو اس کی بھی تصاویر بنوائیں۔