• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن: کراچی کے فضائی ماحول میں 39 فیصد بہتری آئی، مرتضیٰ وہاب

ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) نے لاک ڈاؤن سے کراچی کے فضائی ماحول میں بہتری کے اعداد و شمار جاری کردئیے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر ماحولیات مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے لاک ڈاؤن سے پہلے اور بعد کے موازنے کے ماحولیاتی اعداد و شمار جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں کراچی کے فضائی ماحول میں 39 فیصد بہتری آئی، شور میں 19 فیصد کمی ہوئی۔  عالمی یوم ماحول کی آمد پر سیپا نے ماہرین کے ساتھ بہتر اعداد و شمار برقرار رکھنے کے لیے مشاورت بھی کرلی ہے۔

صوبائی سیکریٹری ماحولیات خان محمد مہر کی سربراہی میں آج ماہرین کے اجلاس میں ضلعی سطح پر بہتری کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیپا کے دفتر میں ماہرین کے اجلاس میں ڈی جی نعیم مغل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کی ضروری احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھی گئیں۔

اجلاس کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ ماحولیاتی بہتری ضلع کورنگی جبکہ سب سے کم ملیر میں ہوئی۔ صوبائی سیکریٹری ماحولیات خان محمد مہر کے مطابق ماہرین کی مدد سے ماحولیاتی بہتری کے تسلسل کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔ 

ڈی جی نعیم مغل کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے ذریعے متعلقہ اداروں کو ماحولیاتی بہتری کے لیے قائل کیا جائے گا۔ نجی شعبہ کے تعاون سے چھ اضلاع کے 76 مقام سے اعداد و شمار اکٹھے کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ہرسال پانچ جون کو ساری دنیا میں عالمی یوم ماحول منایا جاتاہے۔

تازہ ترین