آپ آف لائن ہیں
اتوار20؍ذیقعد 1441ھ 12؍جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

سرجانی میں 70 باڑے جلے، ،65 مویشی ہلاک، درجنوں زخمی اور لاپتہ

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گزشتہ رات گردوغبار کے شدید طوفان اور زوردار آندھی کے دوران کیٹل کالونی میں لگنے والی خوفناک آگ سے چھوٹے  بڑے 70 باڑے جل گئے، جن میں موجود مجموعی طور پر 65 جانور ہلاک، جبکہ درجنوں زخمی اور بڑی تعداد میں مویشی لاپتہ ہوگئے۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر کے مطابق گزشتہ رات جب کراچی اور گردونواح میں طوفان اور شدید آندھی آئی تو اس دوران سرجانی ٹاون کی کیٹل کالونی میں تاجر عاطف قادری کے بھینسوں کے باڑے کے ایک چھپڑے میں کسی وجہ سے آگ لگ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ شدید آندھی جلتے ہوئے چھپڑے کو اڑاتے ہوئے دور تک لے گئی جس سے آگ نے آس پاس کے دوسرے باڑوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، یوں ہر طرف آگ ہی آگ دکھائی دے رہی تھی، جس پر مقامی لوگوں کی جانب سے قابو پانے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔ تاہم آگ پھیلتی رہی۔

شاکر عمر کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ وقت پر نہیں پہنچا، تاخیر سے آنے کے باوجود آگ بجھانے والی ایک گاڑی نے کام کیا، جبکہ دوسری فائربریگیڈ خراب ہوگئی۔ شاکر عمر کے مطابق فائربریگیڈ کی جانب سے میڈیا اور اعلیٰ حکام کو آگ بجھانے کیلئے 5 گاڑیاں پہنچنے کے اطلاعات دی جاتی رہیں۔

شاکر عمر کے مطابق ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللّٰہ کی ہدایات پر واٹر بورڈ کے 18 واٹر ٹینکرز آگ بجھانے کیلئے بھجیے گئے۔ ایسوسی ایشن نے پاکستان رینجرز، سندھ پولیس، ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا ویلفیئر اور دیگر سماجی کارکنان کے کام کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ڈیری فارمرز کا ساتھ دیا۔

 پولیس کے مطابق آتشزدگی سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ تاہم سب سے پہلے آگ کا نشانہ بننے والے باڑے کے مالک عاطف قادری کے مطابق ان کے 80 مویشی آگ کا نشانہ بنے، جن میں سے زیادہ تر ہلاک ہوئے، کچھ شدید جھلس گئے اور کچھ لاپتہ ہوئے۔

 ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آتشزدگی سے مویشیوں کے چھوٹے بڑے 70 باڑے جلے جبکہ 65 سے زائد جانور ہلاک ہوئے اور زخمی ہونے والے مویشیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔

شاکر عمر کے مطابق آگ کے خوف سے بھاگنے والے بیشتر مویشی اب آہستہ آہستہ مالکان کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلال کالونی پولیس نے ساڑھے تین بجے انہیں ایک لاپتہ جانور تلاش کرکے دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید