• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اہلکاروں کی پاکستانی قائم مقام ہائی کمشنر سے بدتمیزی، گاڑی روک لی

اسلام آباد‘نئی دہلی (نمائندہ جنگ‘ ایجنسیاں) بھارت نے سفارتی آداب کی ایک بار پھر دھجیاں اڑا دیں‘نئی دہلی میں انڈین خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نےقائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ کی گاڑی کا باربار راستہ روکا اوران سے بدزبانی کی ‘ کافی دیر تکرار اور جانچ پڑتال کے بعد سینئر سفارت کار کوجانے دیا‘پاکستان نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام ویانا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروق نے قوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی بھارتی حمایت خطے کے دوسرے ممالک کے لیے بھی خطرہ ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی حکام پاکستانی ناظم الامور اور قائم مقام ہائی کمشنر سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ بار بار بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام کی جانب سے روکا گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینئر سفارتکار دفتر سے گھر جا رہے تھے‘سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ روک کر بدزبانی بھی کی گئی۔

دریں اثناء پاکستان نے طالبان اور دیگر وابستہ افراد اور اداروں کے بارے میں اقوام متحدہ کی تجزیاتی سپورٹ اور پابندیوں کی مانیٹرنگ ٹیم (ایم ٹی) کی گیارہویں رپورٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے‘پاکستان بھارت کے مذموم الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔

تازہ ترین