• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کی آٹومیشن دنیا ’’کوڈنگ ‘‘ پر مبنی ہے جہاں سائنس نے ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے اشتراک سے خودکار مشینوں میں ایسی ہدایات ڈال دی ہیں کہ وہ خودبخود اپنی مصنوعی ذہانت سے ہمارے کام کردیتی ہیں۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ میٹکس‘‘ (STEM)سے پروان چڑھنے والی روبوٹکس سائنس نے تعلیم کے نئے آہنگ متعارف کروا دئیے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں بچوں کو ابتدائی جماعتوں میں ہی روبوٹکس کوڈنگ سے متعارف کروایا جانے لگا ہے۔ 

اس کے علاوہ کئی روبوٹکس اکیڈمیاں بھی کام کر رہی ہیں۔ پاکستان کی بات کریں تو اسٹیم ایجوکیشن میں ہمارے اسٹارٹ اپس بین الاقوامی سائنس فیئرز میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں،جس کا اعتراف فوربز میگزین میں بھی کیا جاچکا ہے۔ طالب علموں کو بنیادی ، انٹرمیڈیٹ اور ایڈوانس لیول کورسز پڑھائے جاتے ہیں جن میں انھیں روبوٹکس ، پروگرامنگ ، تھری ڈی پرنٹنگ اور گیم ڈویلپمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کے مواقع اور وسائل ملتے ہیں۔

کوڈنگ کیا ہے؟

کوڈنگ ہی وہ کام ہے جو کمپیوٹر سافٹ ویئر ، ایپس اور ویب سائٹس اور روبوٹس کو چلانا ممکن بناتی ہے۔ آپ کا براؤزر، آپریٹنگ سسٹم، اسمارٹ فون، فیس بک اور ویب سائٹس پر موجود ایپس، یہ سب کوڈ نگ کے ذریعے ہی بنائے گئے ہیں۔ آپ کو بائنری کوڈ کی سیٹنگ سے کمپیوٹر کو ہدایات دینی ہوتی ہیں کہ یہ کام کرنا ہے اور یہ نہیں کرنا۔ ان ہدایات کو جب آپ اپنے روبوٹ میں فٹ کرتے ہیں تو وہ آپ کی انہی ہدایات کی روشنی میں خود بخود کام کرتا ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت (AI)کا اضافہ اسے آپ کی طرح سوچنے میں مدد مہیا کرتا ہے۔

روبوٹکس اور کوڈنگ کا مقصد

کوڈنگ بنیادی طور پر ریاضیاتی زبان میںوہ تحریری ہدایات ہیں جو روبوٹ یا کمپیوٹر پروگرام پڑھ کر اس پر عملدرآمد کرسکتے ہیں۔ اس لیے جو بھی طالب علم روبوٹ بناکر اسے حرکت اور زبان دینے کا خواہاں ہے تو سب سے پہلے اسے’کوڈ‘ ڈیزائن کرنا ہوگا، اس کے بعد کوڈ کو روبوٹ میں انسٹال کرکے اس کے نتائج دیکھنے پڑتے ہیں۔ کوڈ جتنا ریاضیاتی و منطقی اصولوں پر بنایا جاتا ہے،کامیابی کے امکانات اتنے وسیع ہوجاتے ہیں۔ روبوٹ پر تجربات طلبا کی انفرادی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب تک روبوٹ کے محرکات اصلی مقصد کے مطابق انجام نہیں دیتے ،اس وقت تک مختلف تجربات کے عمل سے گزرنا پڑتاہے، تب کہیں جاکر اصل صورت میں مصنوعی انسان آپ کے مقابل ہوتا ہے۔

طالب علموں کیا ہنر سیکھتے ہیں؟

روبوٹ کو بنانے کے لئے کوڈ لکھتے وقت طالب علموں کو تنقیدی اور تخلیقی طور پر سوچنا پڑتا ہے کہ کون سے محرکات کو پورا کرنا ہے اور یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ کوڈ درست ہو۔ کوڈ کا ایک ایک لفظ درست اور مخصوص کرنے کی ضرورت پڑتی ہے تاکہ روبوٹ مناسب طریقے سے کام کرسکے ۔ اگر کوڈ غلطی(Error)سے پاک نہیں ہے تو روبوٹ آسانی سے حرکت نہیں کرے گا۔ روبوٹس کی دنیا سے متعارف ہونے کے لیے آپ ڈاٹ اور ڈیش روبوٹ نیزLEGO مائنڈ اسٹورم کٹ خرید کر اسے تختہ مشق بنا سکتے ہیں۔ ڈاٹ اور ڈیش بچوں کیلئے دوستانہ روبوٹ ہیں، جو آئی پیڈ کے ذریعے بچوں کے لئے کوڈنگ کی تفریح فراہم کرتے ہیں،اتنا ہی نہیںبلکہ یونیورسٹی طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرتے ہوئے انھیں روبوٹ بنانے کے عمل میں حائل پیچیدگیوں سے متعارف کرواتے ہوئے کھیل کھیل میں روبوٹ ماسٹر بناتے ہیں۔

کوڈنگ کیسے استعمال کی جاتی ہے؟

ہم روزانہ اپنی الیکٹرانک مصنوعات استعمال کرتے ہیں تو ہمیں احساس ہوجاتا ہے کہ’’ کوڈنگ ‘‘ہماری زندگی کا لازمی جزو بن گئی ہے۔ جب بھی ہم مائیکروویو، گاڑی ، فون ، ٹی وی اور اپنا بینک کارڈ استعمال کرتے ہیں تو ہم در اصل اپنی کوڈنگ کی مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔ لیکن ہم یہ چیزیں اسکول میں استعمال نہیں کرتے،اس ضمن میں’’ڈیش بٹ کٹ‘‘ ہمیں کوڈنگ سکھانے میں مدد کرسکتا ہے۔

روبوٹ اور کوڈنگ میں رابطہ

روبوٹکس ایک ایسا طریقہ ہے جس سے ہم بصری ڈیزائن ، میکینکل انجینئرنگ ، پیٹرننگ ، ٹرانسفارمیشن ، کارٹیسین گرڈ ، ڈائریکشن ، الجبرا اور متعلقہ تعلیم و تربیت آسانی سے حاصل سکتے ہیں۔ روبوٹکس کٹس ہمیں ہر چیزکو سمجھنےاور بصری انداز میں کام کرنے کی صحیح سمت اور فوری تاثرات فراہم کرتی ہیں۔ اگرہم نے روبوٹ کے تمام اجزاء کو درست انداز میں انسٹال کیا ہے تو روبوٹ وہی کرے گا جو آپ چاہتے ہیں۔ اگر آپ اسے غلط طریقے سے بناتے ہیں،کسی بھی جزو میں گڑ بڑ کرتے ہیں تو وہ آپ کو مطلوبہ نتائج نہیں دے گا۔اس قسم کی غلطیوں سے بچنے کےلیے’’لیگو ای وی 3 - روبوٹکس کٹ‘‘ کا استعمال تعلیم و تربیت حاصل کرنے کا ایک عمدہ طریقہ ہے۔

روبوٹ سے سیکھنے کی مہارت

کوڈنگ کے لیےطلبہ کو مسئلہ کو حل کرنے ، آزادانہ اور باہمی تعاون سے کام کرنے ، پیش رفت اور دلچسپی ظاہر کرنے ، تنظیم و ترتیب اور ذمہ داری کونبھانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ضروری تکنیکی مہارتیں آپ اسی وقت سیکھ سکتے ہیں جب کام کو ادھورا چھوڑ کر نہ بھاگیں بلکہ اسے انجام تک پہنچائیں۔ اس اکتاہٹ اور مشکل سے بچنے کے لیےکیوبلیٹس ماڈیولر روبوٹکس کھلونے روبوٹکس سیکھنے کا سب سے زیادہ تفریحی طریقہ مانے جاتے ہیں۔

تازہ ترین