پاک افغان چمن بارڈر باب دوستی کو دوطرفہ پیدل آمدورفت کےلئے کھول دیا گیا ، کورونا وائرس سے متعلق طے شدہ ایس او پیز کے تحت بڑی تعداد میں پاکستانی اور افغان شہری اپنے اپنے وطن واپس چلے گئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر پیدل آمدورفت کے لئے آج ہفتے کے روز بڑی تعداد میں پاکستان میں پھنسے افغان شہری باب دوستی سے افغانستان اور افغانستان میں پھنسےپاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی شہریوں کو باب دوستی سے متصل قرنطینہ منتقل کیا جا رہاہے ، وطن واپس آنے والے پاکستانیوں میں 17 بچے اور 25 خواتین بھی شامل ہیں۔
قرنطینہ حکام کے مطابق شدید گرمی میں خواتین اور بچوں کو قرنطینہ خیمہ بستی میں رکھنے کےبجائے گھروں کو منتقلی کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر باب دوستی گزشتہ 3 ماہ سے بند تھا۔