سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں ہوجاتیں سنتھیا رچی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنتھیا کا مقصد ایک ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کی ساکھ متاثر کی جائے اور اس کا اُسے ٹاسک دیا گيا ہے۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ امریکی خاتون سنتھیا 9 سال تک کیوں خاموش رہیں؟ اب ان کی بات کیسے مان لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات لگائے ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر زیادتی کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔
امریکی خاتون سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمٰن ملک نے انہیں 2011ء میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمٰن ملک وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔
امریکی شہری نے سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائد کیا ہے۔
سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ان سے تب دست درازی کی جب وہ ایوانِ صدر میں مقیم تھے۔
سابق وزیرِ اعظم یوسف رضاگیلانی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے پارٹی فیصلہ کرے گی۔