• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کی غیر سنجیدگی سے ملک مشکل صورتحال سے دوچارہے،ناصر حسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات، سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وہ لوگ جو کرونا وائرس کو محض ایک زکام قرار دے رہے تھے اب مانتے جا رہے ہیں کہ اس کی وجہ سے ملک میں صورتحال مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے۔ سندھ حکومت نے راشن دکھاوے کے لیے تقسیم نہیں کیا۔ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غیرسنجیدگی نے ملک کو ایک مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ اگر وفاقی حکومت کی سنجیدگی کا یہی عالم رہا تو ہمیں کچھ پتہ نہیں ہے کہ ہمیں کتنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ جس وقت ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس ظاہر ہوا تھا اس وقت سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ مسلسل یہ کہتے آرہے ہیں کہ ہمیں کرونا وائرس کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لینا چاہئے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے دونوں رہنماؤں کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ملک کے ہر شخص کو اب کرونا وائرس کے ساتھ ایک لمبے عرصے تک جینا پڑے گا۔ اب کچھ نہیں کہہ سکتے کہ یہ وبا کب تک ملک میں رہے گی اور اس سے کتنے لوگ متاثر ہوں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ باشعور اور سمجھدار لوگوں نے ہمیشہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔
تازہ ترین