سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کی مختلف سماجی تنظیموں نے شہر میں صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال پر منتخب نمائندوں اور محکمہ نساسک کے خلاف گھنٹہ گھر چوک پر ہاتھ ریڑھی پر گندگی سجا کر اور متعدد بوتلوں میں گندا پانی بھر کر ان پر علاقوں کے نام لکھ کر انوکھا احتجاج کیا، یہ پہلا موقع ہے کہ سکھر میں سماجی تنظیموں نے ہاتھ ریڑھی پر سفید رنگ کی پلاسٹک کی بوتلوں میں آلودہ، بدبودار پانی بھر کر ان پر مختلف علاقوں کے نام کے لیبل آویزاں کئے اور اسے محکمہ نساسک کی فخریہ پیشکش قرار دیتے ہوئے منتخب نمائندوں، متعلقہ افسران کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرے کی قیادت اشفاق نے کی، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے نساسک کا ادارہ سکھر کی تباہی کا ذمہ داررہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نساسک کے لئے منظور کی گئی رقم کے استعمال کے لئے ایک غیر جانبدارانہ اور شفاف بور ڈ تشکیل دیا جائے۔