راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پاکستان اپروچ ٹو ٹوٹل سینی ٹیشن پروگرام کے تحت ضلع راولپنڈی کے94 دیہات میں ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جاری آگاہی پروگرام کے تحت 17دیہات (او ڈی ایف) سرٹیفکیشن کیلئے تیار ہیں۔ او ڈی ایف سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے 3رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں ڈی ڈی او میل ایجوکیشن امجد محمود، ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری اور سب انجینئر عمران شازیب شامل ہیں۔ پاکستان اپروچ ٹو ٹوٹل سینی ٹیشن پروگرام کے تحت او ڈی ایف پراجیکٹ کا مقصد لوگوں کو انسانی فضلے سے پھیلنے والی بیماریوں، جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھینکنے اور پینے کے پانی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع راولپنڈی کے گائوں چک بیلی خان، چکری اور اڈیالہ میں پروگرامز شروع کئے گئے ہیں جس کا مقصد آگاہی کے ذریعے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانے، انسانی فضلے سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچائو، فلیش استعمال کرنے کے بعد ہاتھ دھونے کا طریقہ، پینے کیلئے صاف پانی کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ لوگوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔