• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جن کا نام آیا انہیں ECL میں کیوں نہیں ڈالاگیا،احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے بعد جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ شوگر کمیشن کی رپورٹ میں جن لوگوں کے نام آئے انہیں ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا گیا،اپوزیشن کے ہر رہنما کا نام ای سی ایل پر ڈال جاتا ہے مگر اپنے لوگوں کوفرار ہونے کا موقع دیا،سینئر اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ جس طریقے سے پچھلے دو برسوں میں شوگر ملز مالکان نے لوٹا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پریس کانفرنس میں حکومت کو بتانا چاہئے تھا کہ کیا چینی اسکینڈل میں وزیراعظم کے کردار پر بحث کی جارہی ہے کہ وزیراعظم نے کس کی ایما پرچینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی۔ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ حکومت چینی اسکینڈل میں اپنی چوری چھپانے کیلئے مسئلے کوکنفیوژ کررہی ہے، یہاں مسئلہ سبسڈی دینے کا نہیں بلکہ چینی کی قیمتوں میں تقریباً 90فیصد اضافے کا ہے، سب سے پہلے ان چوروں کو پکڑا جائے جنہوں نے چینی کی قیمت 52روپے سے 90روپے تک پہنچائی اور 300ارب روپے کا ڈاکا غریب آدمی کی جیب پر ڈالا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین آسانی سے ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں، شوگر کمیشن کی رپورٹ میں جن لوگوں کے نام آئے انہیں ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا گیا،اپوزیشن کے ہر رہنما کا نام ای سی ایل پر ڈال جاتا ہے مگر اپنے لوگوں کوفرار ہونے کا موقع دیا، پی ٹی آئی حکومت نے انوکھاجرم کیا کہ اس وقت ایکسپورٹ کی اجازت دی جب ملک میں چینی کی قلت تھی، نیب کتنا آزاد ادارہ ہے یہ سب کو پتا ہے، عمران خان سیاسی انتقام کیلئے براہ راست چیئرمین نیب کو اپوزیشن رہنماؤں کی فہرست دیتے ہیں،نیب اتنا ہی آزاد ہے تو ادویات اسکینڈل اوربی آرٹی پر کارروائی کیوں نہیں کی، نیب وزیراعظم سے کیوں نہیں پوچھتا کہ زمان ٹاؤن میں کروڑوں روپے کی رہائشگاہ تعمیر کرنے کے وسائل ان کے پاس کہاں سے آئے، نیب کازور صرف اپوزیشن پر چلتا ہے جہاں حکومت آتی ہے وہاں بھیگی بلی بن جاتا ہے۔سینئر اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، نیب یاایف آئی اے کو بلاوجہ چھاپے نہیں مارنے چاہئیں یا کسی کانام ایسے ہی ای سی ایل میں نہیں ڈالا جانا چاہئے،اپوزیشن کیلئے جو کام غلط ہے وہ جہانگیرترین کیلئے بھی غلط ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ یہ معیارات حکومت نے سیٹ کیے ہیں۔
تازہ ترین