کوئٹہ(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا جائے۔ تعلیمی ادارے بند کرنا آئین کے آرٹیکل 18کی خلاف ورزی ہے۔15لاکھ اساتذہ بے روزگار ہوچکے، حکومت پاکستان نجی تعلیمی اداروں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرے اور نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ بند کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد دنیا کے بہت سے ملکوں میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔ ہماری حکومت نے بازار، پبلک ٹرانسپورٹ، بڑے بڑے پلازے اور ریستوران کھول دیئے ہیں مگر تعلیمی ادارے جن سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے ان کو جبراً بند رکھ رہی ہے۔ حکومت نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔