• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی آنکھوں سے تبدیلی کی جھوٹی پٹی اتنی تیزی سے اتر جائے گی کسی کے بھی وہم و گمان میں نہ تھا۔ تبدیلی لفظ میں پنہاں بدقسمتی زیادہ ہے یا نااہلی اس کا فیصلہ تو وقت ہی کرے گا، امر واقعہ تو یہ ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ایک بھی اچھی خبر سامنے نہ آئی۔ ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدے کوہ قراقرم سے منہ کے بل گہری کھائیوں میں گر کر چکنا چور ہو چکے۔ آنکھوں میں ترقی و خوشحالی کے خواب سجائے عوام کے دل رو رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ جب روز قیامت خدا کا سامنا کرو گے تو کیسے ان سوالوں کے جواب دے پائو گے؟ تم تو کہا کرتے تھے کہ اس ملک میں روزانہ 12ارب کی کرپشن ہوتی تھی، اگر ہوتی تھی تو اس رقم کو بچا کر تم نے ملک کے قرضے کیوں نہ اتارے؟ سات سالوں میں 108ارب روپے میں بھی تم سے پشاور میٹرو کیوں نہ بن سکی؟ چینی کی قیمت کیوں بڑھائی، برآمد کیوں کی؟ اور سبسڈی کی اجازت دیکر بھی تم نے جھوٹ کیوں بولا؟ چینی کی قیمت دو گنا ہوگئی لیکن تم نے اس پر ایکشن کیوں نہ لیا؟ اس کی قیمت کو پرانی سطح پر کیوں نہ لائے؟آٹے کی قیمت کو اتنا بڑھا کر اسے غریبوں کی پہنچ سے دور کیوں ہونے دیا؟ ڈینگی آیا تو تم پہاڑیوں پر چڑھ گئے اور کہا سردیاں آئیں گی تو خود ہی ختم ہوجائے گا، سربراہِ مملکت ہونے کے ناتے تم نے عوام کو کس کے سہارے چھوڑا؟ تکنیکی طور پر اَن فٹ جہاز میں97 لوگوں کے پیارے زندہ جل گئے، تم ان کا غم بھول کر تین دن تک پہاڑوں کی ٹھنڈک سے لطف اندوز ہوتے رہے؟ملک کو ایک سال سے ٹڈی دل کے عفریت کا سامنا تھا اس پرفوری طور پر قابو کیوں نہ پایا گیا؟کورونا وبا کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کیلئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کیوں نہ کیے اور پورے ملک کو کنفیوژکیوں کیا کہ لاک ڈائون سے کوئی فائدہ نہ ہوگا؟ کورونا وائرس میں مبتلا شخص پر فی فرد خرچ پچیس لاکھ روپےکیسے آتا ہے؟ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کے حوالے سےہر روز تم 8 ارب ڈالر (1280ارب روپے ) دینے کا دعویٰ کرتے رہے جسے بائیس کروڑ لوگوں پر تقسیم کیا جائے تو ہر فرد کے حصہ میں 58181 روپے آتے ہیںاور پانچ افراد پر مشتمل ایک گھرانے کو 2 لاکھ 90 ہزار روپے ملنا چاہیے تھے، وہ پیسے کس کس کو دیے ؟تم اور تمہاری کابینہ دن رات نت نئے جھوٹ تراش کر مخالفین کو جیلوں میں کیوں ڈالتے رہے ؟ تم نےکس کے کہنے پر شریف خاندان کا اپنے ہی فلیٹ میں رہنا دوبھر کرایا؟ ایک طرف تم دن رات ریاست مدینہ کے نام کی جھوٹی مالا جپتے رہے جبکہ دوسری طرف تم نے جان بوجھ کر اپنے بندے چھوڑ کر شریف فیملی کے راستوں پر کانٹے کیوں بچھائے؟کیوں تم نے ان کے خاندان کو شدید نفسیاتی اذیت میں مبتلا کیا؟کیوں تم نے مخالفین کو پابند سلاسل کیا ؟جب عدالت میں کرپشن ثابت نہ ہوئی تو مخالفین کے خلاف کرپشن پر مبنی میڈیا کمپین کیوں چلائی؟ تمہاری پیدا کردہ پریشانیوں سے بیگم کلثوم نواز شریف بیماری سے لڑنے کا حوصلہ کھو بیٹھیں اس کا دفاع کیسے کروگے؟تم نے کس کے کہنے پر بیگم کلثوم نواز شریف کی بیماری کو جھوٹا قرار دے کربہتان باندھا؟تم تو دن رات جمہور اور جمہوریت کا راگ الاپا کرتے تھے جبکہ حقیقت میں تم نے جمہور کو زندہ درگور اور جمہوریت کو راندۂ درگاہ کیوں بنا دیا؟ نواز دورِ حکومت کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر کس کو دھوکا دیتے رہے؟تم تو نڈر ہونے کا دعویٰ کرتے تھے جبکہ میاں نواز شریف کی تصویر دیکھ کر تمہارے اوسان کیوں خطا ہو جاتے تھے؟شیخ رشید سے جھوٹ کیوں بلوایا کہ ایٹمی دھماکے تو اس نے، راجہ ظفر الحق اور گوہر ایوب نے کروائے تھے؟ بقول تمہارے میاں نواز شریف نے سب سے زیادہ قرضے لئے تو اس نے لاتعداد ترقیاتی کام کروائے تم نے ریکارڈ قرضےلیکر کہاں لگائے؟تم نےجیل میں میاں نواز شریف کی زندگی کو خطرے میں کیوں ڈالا ؟چیف اکانومسٹ کیلئے اشتہار دینا تھا تو عوام کو دو سو ماہرین کی ٹیم کے جھوٹے خواب کیوں دکھائے؟

کس قدر بزدل ہیں یہ کٹھ پتلیاں کہ میاں نواز شریف کی تصویر دیکھ کر ہی رونا پیٹنا شروع کردیتی ہیں،ابھی تو نوازشریف پاکستان آئے نہیں تو پہلے ہی ساری کاغذی کابینہ ان کا ڈھول پیٹنا شروع ہوگئی ہے۔ثابت ہوگیا ہے کہ اک شیر کی آمد ہے اور رن کانپ رہا ہے۔

تازہ ترین