راولپنڈی (نمائندہ جنگ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نےراولپنڈی میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ جاری کردی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ میں آئی ای ڈی کااستعمال کیاگیا اوراس کے لئے بارودکی بھاری مقداراستعمال کی گئی جس سے زمین میں گڑھابھی پڑگیالیکن موقع سے بال بیرنگ نہیں ملے ۔اس سے قبل صدرکے علاقہ کباڑی بازاراوراڈیالہ روڈپربھی دودھماکے ہوچکے ہیں جن میں تاحال ملزمان گرفتارنہیں ہوسکے۔صدربازارکینٹ میں ہونے والے بم دھماکے کی ایف آئی آرتھانہ سی ٹی ڈی راولپنڈی میں درج کرلی گئی۔ ایف آئی آرسی ٹی ڈی کے سب انسپکٹرواجدعلی کی مدعیت میں زیردفعات 302،324،427،34،ت پ، ایکسپلوزو ایکٹ اورانسدادہشت گردی کی دفعہ 7 ایف آئی آردرج کی گئی ۔ایف آئی آرکے مطابق جمعہ کی رات ساڑھے آٹھ بجے اے ایس آئی جاویدکوثرکے ہمراہ کالعدم تنظیموں کے اشخاص کی پڑتال کے لئے کارنرفوڈنزدکوئلہ سینٹرصدرراولپنڈی موجودتھے کہ سٹریٹ لائٹ کی روشنی میں دیکھاکہ دوجواں عمراشخاص ،درمیانہ قد،مضبوط جسم ،چھوٹی چھوٹی ڈاڑھی چھوٹابازارکی طرف سے تیزتیزقدم اٹھاتے ہوئے مشکوک حالت میں آتے دیکھائی دئیےجن میں سے ایک شخص نے دہلی کریانہ سٹورکے باہرنصب شدہ بجلی کے کھمبے میں کوئی مشکوک چیزرکھی اوردونوں اشخاص کوئلہ سینٹرکی طرف تیزتیزقدموں سے بھاگ پڑے جن کے ہمراہ چنددیگرنامعلوم اشخاص بھی بھاگے ۔اس سے پہلے کہ ہم ان کے پیچھے جاتے اچانک بجلی کے کھمبے میں زروداردھماکہ ہوااورآگ کے شعلے بلندہوئے جب کہ موقع پربھگدڑمچ گئی ،دھماکہ کہ وجہ سے ایک سبزی فروش موقع پرجاں بحق ہوگیااوردس بارہ اشخاص زخمی ہوگئے دھماکے کی وجہ سے کھمبے اوردوموٹرسائیکلوں کوبھی نقصان پہنچاجب کہ ہم کچھ فاصلے پرہونے کی وجہ سے خوش قسمتی سے بچ گئے۔ادھردریں اثناصدر کنٹونمنٹ بورڈ بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی نےکنٹونمنٹ جنرل ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صدر دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کی ، ایڈیشنل سی ای او فیصل منیر وٹو بھی ہمراہ تھے ۔بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی نے کہا کہ زخمی افراد کو ہر طبی سہولت فراہم اور بہترین علاج معالجہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے تفتیش میں مصروف ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی نے صدر دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے ریڑھی بان کے گھر جاکر عارفین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔