بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ان کا سوشانت سے کیا گیا ایک ساتھ ٹینس کھیلنے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکے گا۔
ثانیہ مرزا نے بھارتی اداکار سوشانت کی یوں اچانک موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ شئیر کیا جس میں بتایا کہ وہ سوشانت کی موت کی خبر سن کر شدید رنجیدہ اور دل شکستہ ہوگئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ثانیہ مرزا نے بتایا کہ سوشانت اپنی خوش مزاجی کی وجہ سے جہاں جاتے تھے ایک خوشی کا ماحول بنادیتے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ اس مسکراہٹیں پھیلاتے چہرے اور دل کے پیچھے سوشانت نے کتنے غم چھپائے ہوئے تھے اور وہ دنیا سے بُری طرح مایوس کیوں ہوچکے تھے، یہ سب ہم جاننے سے قاصر رہے۔
انہوں نے لکھا کہ یہ دنیا آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گی، انہوں نے بتایا کہ سوشانت کی موت کی خبر سننے کے بعد اور یہ پیغام لکھتے وقت ان پر کپکپی طاری ہے۔