• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ روز خودکشی کرنے والے 34 سالہ نوجوان بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے۔

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے گزشتہ روز ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پولیس کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو بھارتی پولیس نے اداکار کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے  لاش اسپتال بھیج دی تھی اور اب اسپتال انتظامیہ نے سوشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سوشانت سنگھ کی موت کی وجہ دم گھٹنا بتائی گئی ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشانت سنگھ کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے جس کے نتائج منفی آئے ہیں جبکہ اداکار کی لاش سے کچھ نمونے فورینزک ٹیسٹ کے لیے بھی لیے گئے ہیں جس کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔

سوشانت سنگھ کے اہل خانہ ریاست بہار سے ممبئی پہنچ گئے ہیں اور اُن کی آخری رسومات آج ممبئی میں ادا کی جائیں گی، اداکار ممبئی میں اکیلے مقیم تھے جبکہ اُن کے اہل خانہ ریاست بہار کے شہر پٹنا میں رہائش پذیر تھے۔

یاد رہے کہ واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو اداکار کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے ہیں جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے اور اُن کے قریبی دوستوں کا بھی کہنا ہے کہ اداکار ذہنی تناؤ کا شکار تھے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اُن کے ڈپریشن کی وجہ کیا تھی۔

تفتیش کے دوران جب پولیس نے اداکار کے فلیٹ میں موجود دیگر افراد سے معلومات حاصل کی تو اُنہوں نے بتایا کہ خودکشی سے پہلے سوشانت سنگھ صبح 10بجے جوس لیکر اپنے کمرے میں چلے گئے تھے اور دروازہ بند کرلیا تھا۔

جب 12بجے تک سوشانت سنگھ کمرے سے باہر نہیں آئے تو اُنہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد کمرے کا دروازہ توڑا اور اداکار کو مردہ حالت میں پایا گیا۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ نے بالی ووڈ میں اپنے کیرئر کا آغاز حالیہ برسوں میں ہی کیا تھا اور ان چند برسوں میں اُنہوں نے بہت سی کامیاب فلمیں کی ہیں۔

اُنہوں نے بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں ایم ایس دھونی کا کردار ادا کیا تھا، اِس کے علاوہ اُنہوں نے عامر خان کی مشہور فلم ’پی کے‘ میں پاکستانی لڑکے سرفراز کا کردار نبھایا تھا۔

سوشانت سنگھ کی مشہور فلموں میں پی کے، ایم ایس دھونی (دی ان ٹولڈ اسٹوری)، چھچھورے، ڈٹیکٹو بیو مکیش بخشی اور کائی پوچے جیسی فلمیں شامل ہیں۔

تازہ ترین