• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی میڈیا سوشانت کے اہلخانہ کے جذبات کا احترام کرے، انوشکا شرما

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے بھارتی میڈیا سے اداکار سوشانت سنگھ کے اہل خانہ کے جذبات و احساس کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انوشکا شرما نے لکھا کہ ’اس افسوسناک واقعے کے بعد میں میڈیا سے گزارش کرتی ہوں کہ براہ مہربانی سوشانت سونگھ کے لواحقین اور دوستوں کے احساسات اور جذبات کا احترام کریں۔‘

انوشکا شرما نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کے اہل خانہ اس وقت شدید غم میں ہیں اس مشکل گھڑی میں اُن کے غم کا خیال کریں۔‘

بھارتی اداکارہ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں سوشانت سنگھ کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’سوشانت ایک نوجوان اور قابل اداکار تھے اور وہ بہت جلدی اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔‘

انوشکا شرما نے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر بہت افسردہ ہوں کہ آپ اتنے عرصے ایک پریشانی میں مبتلا تھے اور ہم میں سے کوئی بھی آپ کو اس پریشانی سے نکالنے میں مدد نہیں کرسکا۔‘

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی سوشانت سنگھ کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

ویرات کوہلی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سُن کر چونک گیا ہوں، میرے لیے اس خبر پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔‘

اُنہوں نے اداکار کے اہل خانہ سےتعزیت کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ انوشکا شرما اور سوشانت سنگھ نے معروف بالی ووڈ فلم ’پی کے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، فلم میں سوشانت سنگھ نے سرفراز نامی پاکستانی لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جبکہ انوشکا شرما نے جگو نامی صحافی کا کردار نبھایا تھا۔

34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ روز گلے میں پھندہ لگا کر خودکشی کی، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

تازہ ترین