• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشانت کے والد کے دُکھ کی شدت بیان کرنا ناممکن ہے: وویک اوبرائے

بھارتی فلم اسٹار وویک اوبرائے کا کہنا ہے کہ سوشانت کی آخری رسوامات ادا کرتے وقت دیکھے گئے مناظر اور اُن کے والد کی آنکھوں میں دیکھی گئی دُکھ کی شدت بیان کرنا ناممکن ہے۔

اتوار کے روز خودکشی کرنے والے 34 سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے وویک اوبرائے نےبتایا کہ وہ سوشانت کے والد کی آنکھوں میں دکھ کی شدت دیکھ نہیں پا رہے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تفصیلی پیغام شیئر کرتے ہوئے وویک اوبرائے نے بھارتی فلم انڈسٹری کو سوشانت کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری ایک ایسی جگہ ہونی چاہیے جہاں ٹیلنٹ کی پرورش ہو نا کہ اسے کچل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ خود کو ایک فیملی تو کہتی ہے لیکن اس فیملی کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود بینی کی ضرورت ہے، یہاں انا اور طاقت کا زیادہ زور چلتا ہے، صلاحیتوں کی کوئی اہمیت نہیں لیکن موت ان سب سازشوں کا جواب نہیں ہے۔

وویک اوبرائے نے لکھا کہ میری شدید خواہش ہے کہ کاش میں سوشانت  کو اپنے تجربے سے سکھا پاتا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔

انہوں نے سوشانت کی آخری رسومات کے حوالے سے لکھا کہ جب ان کے والد آخری رسومات ادا کررہے تھے تو جو غم ان کی آنکھوں میں تھا اور جس طرح سوشانت کی بہن ان کی لاش کی منتیں کر رہی تھی کہ بھائی واپس آ جاؤ، وہ سب ناقابل بیان ہے۔

تازہ ترین