پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل اپنے علاج کے لیے ایک بار پھر اسپتال میں داخل ہوگئی ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکارہ اسپتال کے کمرے میں موجود ہیں اور اُن کے ہاتھ پر ڈرپ لگی ہوئی ہے۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’دس گھنٹے بعد مجھے اسپتال کے ایک کمرے میں داخل کیا گیا ہے جہاں میرے لیے بیڈ کے ساتھ تکیہ اور کمبل موجود ہے اورمیں اس کے لیے اللّہ تعالیٰ کی شُکر گزار ہوں۔‘
نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے، بس اتنا جانتی ہوں کہ ڈاکٹرز کو میرے اندر انفیکشن کا شبہ ہوا ہےاور وہ نہیں سمجھتے کہ یہ انفیکشن کوویڈ 19 ہے۔‘
اداکارہ نے اپنی کیفیت سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دل کی دھڑکن تیز ہوتی جارہی ہے، میں نے ابھی تک کچھ نہیں کھایا ہے، مجھے متلی محسوس ہورہی ہے اور ٹانگوں میں بھی تکلیف ہے لیکن میں پھر بھی اپنے رب کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں اپنے کمرے کی کھڑکی سے اُس کا تخلیق کیا گیا خوبصورت آسمان دیکھ سکتی ہوں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ بہت جلد مجھے گرم کھانا اور پانی دیا جائے گا جب تک میں اس نرم بستر کے لیے اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔‘
نادیہ جمیل نے کورونا کی وجہ سے اسپتالوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوویڈ 19 نے واقعی اسپتالوں کو مغلوب کر دیا ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے اپنی جیب سے کچھ جیلی بینز ملی ہیں اور اب میں ان کو کھاتے ہوئے لطف اندوز ہوں گی۔‘
یاد رہے کہ نادیہ جمیل نے رواں سال 3 اپریل کو اپنےایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کا اِس بات سے آگاہ کیا تھا کہ اُن کو بریسٹ کینسر (چھاتی کا سرطان) کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے اُن کا علاج چل رہا ہے۔