• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشانت کے والد اُن کے ڈپریشن سے لاعلم تھے

14 جون کو خودکشی کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے والد نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ اُن کا بیٹا ڈپریشن میں تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے چمکتے ستارے سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی یہ گتھی ابھی تک سلجھ پائی ہے۔ کوئی اسے ڈپریشن سے جوڑ رہا ہے تو کوئی اسے بالی ووڈ میں اقربا پروری کی ایک وجہ مان رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت کی موت کے بعد سے مہاراشٹر پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے، پولیس نے ابھی تک تقریباً 9 لوگوں کے بیان قلم بند کیے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار 14 جون کو پھانسی لگا کر خودکشی کرنے والے سوشانت نے کوئی خودکشی نوٹ بھی نہیں چھوڑا ہے، 34 سال کے بیٹے کے دنیا سے چلے جانے پر سوشانت سنگھ کے والد بے بس ہوگئے ہیں۔ حال ہی میں پولیس کو دیے گئے بیان میں سوشانت سنگھ کے والد نے قبول کیا کہ انہیں بیٹے کہ ڈپریشن کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹے کی ارتھی کو اپنے کندھے پر اُٹھانے کا درد کیسا ہوتا ہے یہ ایک باپ سے بہتر اور کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ سوشانت کی موت کے بعد سے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ سوشانت کے والد کا کہنا ہے کہ چار بہنوں کا اکلوتا بھائی ہمیشہ کے لیے اُن سے دور ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ سوشانت کے والد یہ نہیں جانتے تھے کہ اُن کا بیٹا ڈپریشن میں تھا، وہ یہ جانتے تھے کہ سوشانت اکثر مایوس ہوتا تھا لیکن اُن کو یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ اندر سے اتنا اداس تھا۔

پولیس کے مطابق سوشانت کے گھر والے یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ وہ اتنا اُداس کیوں تھے، اہل خانہ کو کسی پر کوئی شک نہیں ہے۔ پولیس نے گزشتہ روز سوشانت کے گھر جاکر والد اور بہنوں کا بیان درج کیا تھا۔ ابھی تک پولیس کی جانب سے بھی کسی پر کوئی شک ظاہر نہیں کیا جارہا۔ 

تازہ ترین