بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے بدھ کو ایک وکیل نے بھارتی ریاست بہار کی ایک مقامی عدالت میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کرن جوہر سمیت آٹھ افراد کے خلاف کرمنل کمپلینٹ داخل کیا ہے۔
عدالت نے کیس کی اگلی سماعت آئندہ ماہ کی تین تاریخ کو مقرر کی ہے۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دائر اس کیس میں ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے الزام عائد کیا کہ ان آٹھ افراد نے ایک سازش کے تحت سوشانت کو مجبور کیا کہ وہ خودکشی کرلے، وکیل کے مطابق یہ قتل کے مترادف ہے۔
جن دیگر افراد کے خلاف یہ کیس داخل کیا گیا ہے ان میں ادیتیا چوپڑا، ساجد ناڈیاوالا، سنجے لیلا بھانسالی، بھوشن کمار، ایکتا کپور اور ڈائریکٹر دنیش شامل ہیں۔
درخواست گزار وکیل نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد سوشانت کی فلموں کو ایک سازش کے تحت ریلیز نہیں ہونے دیتے تھے، اور ان فراد کی وجہ سے سوشانت کو فلمی فنکشنز میں مدعو تک نہیں کیا جاتا تھا۔
ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ کی موت سے صرف بہار کے لوگ ہی نہیں بلکہ پورے بھارت کے عوام افسردہ ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انکی درخواست دفعہ 306، 109، 504 اور 506 کے تحت ہے اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوٹ کا نام اس کیس بطور گواہ شامل ہے۔
یاد رہے کہ 34 سالہ سوشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ اتوار کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے فلیٹ میں خودکشی کرلی تھی۔